پنجاب یونیورسٹی میں ’صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف ایکٹیوزم‘ پرخصوصی تقریب کا انعقاد

پیر 2 دسمبر 2024 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2024ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ جینڈر سٹڈیز کے زیر اہتمام یو این ویمن اور ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ،پنجاب کے اشتراک سے صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ عالمی مہم کا آغاز ’’رولنگ ریزسٹنس: ایک تھیٹر آن وہیلز‘‘کے موضوع پر تھیٹر کے ذریعے کیا۔ اس تقریب کا مقصد صنفی بنیاد پر تشدد بارے بیداری پیدا کرنا تھا تاکہ مساوی اور تشدد سے پاک معاشرے کی جانب اجتماعی کارروائی کا آغاز کیا جاسکے ۔

اس موقع پر چیئرپرسن شعبہ جینڈر سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر رعنا ملک، سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب عثمان علی خان، یو این ویمن اسلام آباد سے مس ثمن اور نبیلہ ملک، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ڈاکٹر رعنا ملک نے پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے بیداری کو فروغ دینے اور معاشرے میں تبدیلی کو متحرک کرنے کے لیے پنجاب یونیورسٹی کے عزم پر روشنی ڈالی۔ عثمان علی خان نے پنجاب میں خواتین کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات اور ذمہ داریوں پرسیر حاصل بات چیت کی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا’'خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد پر زیرو ٹالرنس‘ کا واضح پیغام پہنچایا، جس سے صنفی تشدد کے خلاف حکومتی موقف کو تقویت ملی۔

مس ثمن نے شرکاء کو اکٹھے ہوکر تشدد اور عدم مساوات سے پاک دنیا کی وکالت کرنے کی ترغیب دی۔تھیٹر کی پرفارمنس نے حاضرین کو مسحور کیا،جس کے ذریعے ایک طاقتور بیانیہ پیش کیاگیا جس میں صنفی بنیاد پر تشدد سے متعلق وسیع مسائل پر روشنی ڈالی گئی اور تبدیلی کو آگے بڑھانے کے لیے اجتماعی عزم کوفروغ دیا گیا۔ پنجاب یونیورسٹی شعبہ جینڈر سٹڈیز، یو این ویمن اور ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول افراد، تنظیموں اور پالیسی سازوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سب کے لیے ایک محفوظ، مساوی اور تشدد سے پاک معاشرے کی تشکیل میں ایک دوسرے کا ہاتھ بٹائیں۔