ورلڈ بینک کے تعاون سے آف گرڈ ایریا کے عوام کے لیے واش رومز اور راستوں کی تعمیر بھی شامل کی جائے،ناصر حسین شاہ

سولر سے 270میگاواٹ بجلی پیدا کر کے کے الیکٹرک کو ملک کا سب سے سستا ٹیرف 9.81روپے فراہم کی جائیگی وزیر توانائی سندھ

جمعرات 5 دسمبر 2024 23:17

ورلڈ بینک کے تعاون سے آف گرڈ ایریا کے عوام کے لیے واش رومز اور راستوں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2024ء) وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ورلڈ بینک کے ایک وفد نے جس کی قیادت سنیئر انرجی اسپیشسلسٹ ڈرمیٹرو گلاسکو (Dmytro Glasckov)کر رہے تھے، ملاقات کی اس موقع پر کامران اکبر بھی ان کے ہمراہ موجودتھے ۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے سندھ کے انتہائی پسماندہ علاقوں کے آف گرڈ ایریا کے عوام کیلئے 2لاکھ سولر پینلزکی فراہمی کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

وزیر توانائی نے ورلڈبینک سے کہا کہ چونکہ یہ منصوبہ صوبہ کے انتہائی غریب اور پسماندہ علاقوں کے عوام کیلئے ہے جو آج تک بجلی سے محروم ہیں، ان کو سولر پینل کی فراہمی کے ساتھ ساتھ راستوں اور واش رومز کی سہولیات کی فراہمی بھی اس منصوبے میں شامل کی جائے، یعنی ان کے گھروں میں ایک واش روم اور ایک مقام سے دوسرے مقام تک جانے کے راستے بھی تعمیر کئے جائیں جوکہ اس علاقے کی عوام کیلئے انتہائی ضروری اور ناگزیر بھی ہے ۔

(جاری ہے)

ناصر حسین شاہ نے ورلڈ بینک کے وفد کو سولر پینل کی فراہمی کے حوالے سے بھی تفصیلات سے آگا ہ کیا۔ صوبائی وزیر نے وفد کو بتایا کہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر صوبیکے عوام کو سندھ حکومت مختلف حوالوں سے ریلیف دینے کے اقدامات میں مصروف ہے ۔ عوام کو سستی بجلی اور پینے کے صاف پانی کی سہولیات اولین ترجیحات ہیں۔وزیر توانائی نے وفد کو بتایا کہ چھ چھ سو ایکڑ پر محیط دو سولر پارکس کراچی میں تعمیر کئیجارہے ہیں جس کیلئے چھ سو ایکڑ ڈسٹرکٹ ملیر او رچھ سو بارہ ایکڑ ڈسٹرکٹ ویسٹ کراچی میں زمین مختص کی گئی ہے، جن پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مجموئی طور پر 12 سو ایکڑ پر محیط دو سولر پارکس سے 270 میگا واٹ بجلی تیار کر کے کے الیکٹرک کو ملک کیسب سے کم ٹیرف 9 روپے اکاسی پیسے پر فراہم کی جائیگی اور اسطرح سے کراچی کے بجلی کے صارفین کو کے الیکٹر ک سستی بجلی فراہم کر کے حکومت کی جانب سے ریلیف دے گی ۔وزیر توانائی نے وفد کو بتایا کہ سولر پارکس کے منصوبوں میں سرما یہ کاری کرنے والے سرما یہ کاروں کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائینگی جن میں زمین اور انفرا اسکٹرکچر سمیت دیگر متعلقہ سہولیات شامل ہیں ۔

وفد کے سربراہ ڈومیٹرو گلاسکو نے سولر پینل کی فراہمی کے منصوبے کی رفتار اور کارگردگی پر اطیمنان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی درست سمت پر گامزن ہے ۔ اس حوالے سے محکمہ توانائی کی کارگردگی قابل ستائش ہے ۔ اجلاس میں سیکریٹری محکمہ توانائی مصدق احمد خان اور پروجیکٹ ڈائریکٹر سندھ سولر انرجی محفوظ احمد قاضی بھی موجود تھے۔