
غزہ: بے گھروں کی خیمہ بستیوں پر حملوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ
یو این
جمعہ 6 دسمبر 2024
23:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 06 دسمبر 2024ء) اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کو اپنے گھروں میں واپسی کی اجازت دے اور بے گھر لوگوں سمیت تمام شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے۔
مقبوضہ فلسطینی علاقے میں 'او ایچ سی ایچ آر' کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 4 دسمبر کو خان یونس کے علاقے المواصی میں کیے گئے اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 23 فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں چار بچے اور دو خواتین بھی شامل تھیں۔ اطلاعات کے مطابق، اس حملے کے بعد بھی جائے وقوعہ سے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا اور کارروائی کے بعد ہونے والے دھماکے ممکنہ طور پر اس جگہ رکھا گیا اسلحہ اور گولہ بارود پھٹنے سے ہوئے۔
(جاری ہے)
تاہم 'او ایچ سی ایچ آر' کا کہنا ہے کہ ثانوی دھماکے ممکنہ طور پر گھریلو استعمال میں لائے جانے والے گیس سلنڈر پھٹنے کا نتیجہ تھے۔
ادارے نے کہا ہے کہ یہ غزہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بے گھر لوگوں کے کیمپوں پر ہونے والا ساتواں حملہ ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے المواصی کو محفوظ علاقہ قرار دے رکھا تھا۔ ان تمام واقعات میں کم از کم 34 فلسطینی ہلاک ہوئے جن میں 10 بچے اور تین خواتین بھی شامل ہیں۔

شہریوں کو تحفظ دینے کا مطالبہ
اس وقت غزہ کی تقریباً تمام آبادی اسرائیل کی جانب سے انخلا کے احکامات اور بمباری کے باعث ایک سے زیادہ مرتبہ نقل مکانی کر چکی ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر کا کہنا ہے کہ پناہ گزینوں کے ٹھکانوں پر حملے اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی انسانی قانون اور عسکری کارروائیوں کے دوران اہداف میں امتیاز، طاقت کے متناسب استعمال اور احتیاطی تدابیر کے اصولوں پر عملدرآمد میں ناکامی کی عکاسی کرتے ہیں۔
ایسے حملے شہریوں کو دانستہ نشانہ بنائے جانے کے مترادف ہیں جو کہ جنگی جرم ہے اور یہ انسانیت کے خلاف جرم کی ذیل میں بھی آ سکتے ہیں۔'او ایچ سی ایچ آر' نے اسرائیل کی فوج پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں شہریوں کے تحفظ کو اپنی ترجیح بنائے اور 7 اکتوبر 2023 کے بعد پناہ گزینوں کے ٹھکانوں پر تمام حملوں کی غیرجانبدارانہ اور موثر تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
ادارے نے فلسطینی مسلح گروہوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی سرگرمی سے باز رہیں جس سے شہریوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوتا ہو۔
مزید اہم خبریں
-
پاکستان سیلاب: ہزار سے زیادہ ہلاکتیں، 25 لاکھ افراد بے گھر
-
طالبان سے لڑکیوں کی ثانوی و اعلیٰ تعلیم پر پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ
-
یورپ میں غیرملکی تربیت یافتہ طبی عملے میں 58 فیصد اضافہ، ڈبلیو ایچ او
-
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑا اسٹریٹجک دفاعی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا
-
کاشتکاروں کو پیسے نہیں ملتے، شوگر ملز مالکان مافیا بن گئے
-
پاکستان اور سعودی عرب میں دفاعی معاہدے کی وجہ قطر پر اسرائیل کا حملہ بنی ہے
-
سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم پاکستان کے درمیان اہم ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال
-
وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب، سعودی فضائیہ نے خصوصی پروٹوکول دیا
-
معاشی بہتری کے حکومتی دعووں کی قلعی کھل گئی
-
3 سالوں میں تقریباً 30 لاکھ پاکستانی ملک کو خیرباد کہہ گئے
-
چینی کی سرکاری قیمت میں اضافہ
-
وزیرصحت پنجاب کا سروائیکل ویکسین کیخلاف سوشل میڈیا مہم چلانے پر قانونی کارروائی کا اعلان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.