سعودی عرب کو فٹبال ورلڈکپ 2034 کی میزبانی مل گئی

ایک اور اسلامی ملک کو 2030 فیفا ورلڈکپ کی مشترکہ میزبانی بھی مل گئی

muhammad ali محمد علی بدھ 11 دسمبر 2024 21:43

سعودی عرب کو فٹبال ورلڈکپ 2034 کی میزبانی مل گئی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 دسمبر2024ء) سعودی عرب کو فٹبال ورلڈکپ 2034 کی میزبانی مل گئی، ایک اور اسلامی ملک کو 2030 فیفا ورلڈکپ کی مشترکہ میزبانی بھی مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے 2030 اور 2034 کے ورلڈکپس کے میزبان ممالک کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔ بدھ کے روز زیورخ میں ہونے والے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹبالکے غیرمعمولی جنرل اسمبلی اجلاس میں 2 ورلڈ کپس کی میزبانی کے لیے ممالک کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

فیفا نے 2034 کے فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی عرب خلیجی ملک سعودی عرب کو سونپنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ ورلڈ کپ 2030 کی میزبانی سپین، پرتگال اور مراکش مشترکہ طور پر کریں گے۔ فیفا نے تصدیق کی کہ 2034 کی میزبانی کےلیے سکروٹنی کا عمل مکمل شفافیت، دیانداری اور درستگی سے مکمل کیا گیا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کی جانب سے 29 جولائی 2023 کو باقاعدہ طورپر فیفا 2034 کی میزبانی کے لیے فائل جمع کرائی تھی۔

ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی بولی کورکن فیڈریشنز سے مکمل اتفاق رائے حاصل ہوا۔ ورلڈ کپ 2034 میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی ۔ 5 سعودی شہر ریاض، جدہ، الخبر، نیوم اور ابہا فٹبال ورلڈکپ کے میچوں کی میزبانی کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینونے کہا کہ دنیا تنازعات اور جنگوں سے گزر رہی ہے لیکن صرف فٹبال ہی لوگوں کو اکٹھا کرسکتی ہے۔

یقین ہے ورلڈ کپ 2034 شاندار ہو گا اور تمام فیڈریشنز کے اتفاق رائے پرخوشی ہے۔ فٹبال ورلڈ کپ سپورٹس کا سب سے بڑا ایونٹ اور تمام لوگوں کے لیے بڑے جشن کا موقع ہے۔ فیفا کے اس اعلان کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فیفا ورلڈ کپ کی باقاعدہ میزبانی ملنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مبارک باد پیش کی ہے۔