اوپن یونیورسٹی میں پندرہ روزہ ورکشاپ برائے تربیتِ مترجمین کی تقریب تقسیم اسناد

جمعرات 12 دسمبر 2024 19:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں پندرہ روزہ ورکشاپ "عربی و فارسی سے اردو میں مذہبی ترجمہ کی تربیت" کی تقریب تقسیم اسناد منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود گزشتہ روز منعقد ہونے والی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ ڈین کلیہ عربی و علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے صدارت کے فرائض انجام دئے۔

پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ترجمے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ترجمے کا علم سب سے مشکل علم ہے، ایک زبان سے دوسری زبان یا لفظوں میں ڈھالنے کا نام نہیں،اس کے پیچھے پوری ایک تاریخ ہے ثقافت ہے جس کے ترجمہ کے لئے دھیان بہت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو طالبات اس سے مستفید ہوئی ہیں اب یہ انکی ڈیوٹی ہے کہ یہ علم آگے لوگوں تک پہنچے۔

(جاری ہے)

ڈین کلیہ عربی و علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تربیتی ورکشاپس تسلسل سے ہوتی رہیں گی اور مترجمین کے لئے نئے مواقع فراہم کرے گی۔ جو طالبات اس کا حصہ رہیں وہ ہماری سفیر ہیں اس کی ترویج میں اہم کردار ادا کریں۔عربی و فارسی سے اردو میں مذہبی ترجمہ کی تربیت سے تخلیقی صلاحیت بڑھیں گی۔یہ ورکشاپ شعبہ فکر اسلامی، تاریخ و ثقافت، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور جامعہ المصطفیٰ العالمیہ (پاکستان چیپٹر) کے مشترکہ تعاون سے کی گئی جس میں ایم اے لیول کی بائیس طالبات نے شرکت کی جبکہ 22 ریسورس پرسنز نے طالبات کوترجمے کی جدید مہارتوں سے آگاہ کیا۔