فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام 21ویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اہم ہے، وائس چانسلر

ڈاؤ یونیورسٹی میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب

جمعہ 13 دسمبر 2024 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2024ء) ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام 21ویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اہم ہے ، جدید تدریسی طریقوں اور تحقیق کی مہارتوں کے موضوعات سے اساتذہ کو اعلیٰ تعلیم کی تدریس اور سیکھنے کے ارتقائی منظرنامے کو سمجھنے میں مدد ملے گی، یہ باتیں انہوں نے جمعے کی صبح ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں نینشل ہائر ایجوکیشن فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (ناھی)کی اختتامی تقریب میں بہ طور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہیں، ڈاؤ میڈیکل کالج کے آراگ آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیمان احمد، ایچ ای سی کے ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ڈویڑن منیر احمد، ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی، پرنسپل ڈاؤ میڈیکل کالج پروفیسر صبا سہیل، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاؤ یونیورسٹی اور اس پروگرام کی کوآرڈینیٹر مس صنم سومرو، ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر طیبہ عامر، پیتھولوجی ڈپارٹمنٹ کے پروفیسر یحیٰ نوری سمیت فیکلٹی کی بڑی تعداد موجود تھی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی نے کہا کہ جدید تدریسی طریقوں کو اپنانے، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ سے ڈاؤ یونیورسٹی مساوی تعلیم کے حصول میں براہ راست حصہ لے رہی ہے، انہوں نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کوششیں نہ صرف ڈاؤ یونیورسٹی بلکہ قومی اور بین الاقوامی تعلیمی منظرنامے پر بھی ملک کا نام روشن کریں گی، پروفیسر محمد سعید قریشی نے اساتذہ سے کہا کہ اس پروگرام سے سیکھے گئے ہنر کو اپنے شعبوں میں اور اپنی روزمرہ کی تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں کا حصہ بنائیں، یاد رکھیں کہ بحیثیت اساتذہ اور محققین، آپ کا کردار آئندہ نسلوں کو متاثر کرنے، جدت کو متحرک کرنے، اور نہ صرف صوبے بلکہ پاکستان کے اندر یا شاید بین الاقوامی سطح پر بھی بامعنی تبدیلی پیدا کرنے کی طاقت رکھتا ہے، انہوں نے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام مکمل کرنے والے اساتذہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا، بعدازاںنیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیمان احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناھی کے تحت ملک کی 100 سرکاری جامعات کو فنڈنگ فراہم کی جارہی ہے پہلے مرحلے میں ڈاؤ سمیت 2 کا انتخاب کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ ان تربیتی پروگرامز کے تحت اساتذہ کو تدریس کے جدید طریقوں سے لیس کیا جارہا ہے تاکہ ملک میں تعلمی معیار کو مزید بہتر بنایا جاسکے، پروگرام کی کوآرڈینیٹر مس صنم سومرو نے بھی فیکلٹی ٹریننگ پروگرام میں حصہ لینے والے اساتذہ کی کاوشوں کا اعترا ف کیا ، قبل ازیں اختتامی تقریب میں تربیتی پروگرام کے دو شرکا ڈاکٹر سید احسن علی اور ڈاکٹر تحریم حسن انے اپنے تجربات بیان کیے اور اساتذہ کی تربیت کے لیے ایسے معیاری پروگراموں کی افادیت کو اجاگر کیا، یہ منصوبہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذیلی ادارے، نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناھی) کی مالی اعانت سے ، اس پروگرام کا مقصد اساتذہ کی جدید خطوط پر تربیت کوفروغ دینا اور تعلیمی معیار کو بلند کرنا ہے تاکہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف بالخصوص ہدف نمبر 4 معیاری تعلیم کے فروغ کو پورا کیاجاسکے، فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام میں ڈاؤ یونیورسٹی کے 32 لیکچرارز اور اسسٹنٹ پروفیسرز کی پیشہ ورانہ تربیت کی گئی، یہ پروگرام 10 ماڈیولز پر مشتمل تھا جسے 4ہفتے کے دورانیے میں مکمل کیا گیا، جس میں جدید ٹیکنالوجیز، تدریسی تکنیک، نصاب کی تیاری، طلبہ کی رہنمائی اور تعلیمی میدان میں تحقیق کو مؤثر انداز میں انجام دینے کے موضوعات شامل تھے، اختتامی تقریب میں شرکا کو سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے ۔