’اب سنگل نہیں لے‘، صائم ایوب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

اننگز کے 19.4 اوورز میں صائم ایوب نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود تھے جب انہوں نے عباس آفریدی کو کہا کہ ’اب سنگل نہیں لینا جس پر آفریدی نے باؤنڈری لگائی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 14 دسمبر 2024 11:38

’اب سنگل نہیں لے‘، صائم ایوب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
سنچورین (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 دسمبر 2024ء ) قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹر صائم ایوب کی عباس آفریدی کو سنگل لینے سے منع کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ 
جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں صائم ایوب نے شاندار 98 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی اور وہ صرف دو رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔ 
سنچورین میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا۔

(جاری ہے)

نوجوان بیٹر نے 57 گیندوں پر 98 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 11 چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ 
صائم کی سنچری دو رنز سے رہ جانے پر شائقین کرکٹ نے عباس آفریدی اور عرفان خان پر تنقید کی ہے، شائقین کہہ رہے ہیں کہ انہیں سنگل لینے چاہیے تھے۔ 
تاہم اب صائم ایوب کی عباس آفریدی کو سنگل لینے سے منع کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ پاکستان کی اننگز کے 19.4 اوورز میں صائم ایوب نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود ہیں اور وہ عباس کو کہہ رہے ہیں کہ ’اب سنگل نہیں لے۔‘ جس پر آفریدی نے باؤنڈری لگائی۔