ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ‘ آصف اور اویس کی ٹیم نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

پاکستان ون نے محمد سجاد اور شاہد آفتاب کی پاکستان 2 کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا‘سیمی فائنل ملائیشیا سے ہوگا

ہفتہ 28 جون 2025 13:03

ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ‘ آصف اور اویس کی ٹیم نے سیمی فائنل کیلئے ..
کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)سری لنکا میں جاری ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ میں محمد آصف اور اویس منیر کی پاکستان ون نے محمد سجاد اور شاہد آفتاب کی پاکستان 2 کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔کولمبو میں ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔کوارٹر فائنل کے پہلے فریم میں اویس منیر نے محمد سجاد کو زیر کرکے پاکستان ون کو برتری دلائی لیکن دوسرے فریم میں شاہد آفتاب نے محمد آصف کو کھل کر پوٹنگ نہ کرنے دی اور مقابلہ برابر کردیا۔

(جاری ہے)

تیسرے فریمز میں ڈبلز کا مقابلہ تھا جو آصف اور اویس جیت کر ای کبار پھر برتری اپنے نام کرلی اور پھر فیصلہ کن فریم میں محمد سجاد، اویس منیر کے خلاف صرف ایک ہی ریڈ بال پوٹ کرسکے۔ یوں پاکستان ون نے 1-3 کی فتح مکمل کی۔پاکستان ون کی کوارٹر فائنل میں جیت کا اسکور 53-74، 66-27، 22-61 اور 01-71 رہا۔سیمی فائنل میں پاکستان ون کا مقابلہ ملائیشیا سے ہوگا۔اس سے قبل جمعے کو آخری گروپ میچز بھی ہوئے جس میں پاکستان ون نے سری لنکا ون کو ہراکر گروپ میں تینوں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پاکستان ٹو نے سری لنکا ٹو کو شکست دی اور گروپ میں بہترین فریمز اوسط کی بنیاد پر دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔