وسیم اکرم کا موازنہ بمراہ سے کرنا ’احمقانہ‘ ہے‘عبدالرئوف

اگر کوئی ٹیسٹ کرکٹر ایسا کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اسے کرکٹ کا کوئی علم نہیں ہے‘انٹرویو

ہفتہ 28 جون 2025 13:03

وسیم اکرم کا موازنہ بمراہ سے کرنا ’احمقانہ‘ ہے‘عبدالرئوف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)پاکستان کے سابق فاسٹ عبدالرؤف نے وسیم اکرم کا موازنہ جسپریت بمراہ سے کرنا احمقانہ قرار دے دیا۔سابق فاسٹ بولر عبدالرؤف نے سابق بھارتی کرکٹر ورون آرون کے حالیہ ریمارکس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ جسپریت بمراہ پاکستانی لیجنڈ وسیم اکرم سے بہتر ہیں۔ورون آرون نے بمراہ کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی اسٹار نے اب سینا ممالک (جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا) میں وکٹوں کے معاملے میں اکرم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بمراہ کو ذہین کہنا ایک معمولی بات ہوگی۔سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم بہترین فاسٹ بولر تھے اور جسپریت بمراہ کافی حد تک ایک جیسا ہے اگر بہتر نہیں۔

(جاری ہے)

اب جواب میں سابق کرکٹر عبدالرؤف نے ایکس پر لکھا کہ مجھے ان سابق ہندوستانی کھلاڑیوں پر حیرت ہے جو بمراہ کا وسیم اکرم سے موازنہ کرتے ہیں تو حیرت کی بات نہیں ہوگی اگر کرکٹ کی سمجھ نہ رکھنے والا کوئی عام آدمی ایسی احمقانہ بات کہے لیکن اگر کوئی ٹیسٹ کرکٹر ایسا کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اسے کرکٹ کا کوئی علم نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وسیم اکرم بلاشبہ کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین فاسٹ باؤلرز میں سے ایک تھے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ وسیم اکرم کا شمار عالمی کرکٹ کی سب سے مشہور شخصیات میں ہوتا ہے۔وسیم اکرم ون ڈے کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے 356 میچوں میں 23.52 کی اوسط اور 3.89 کی اکانومی ریٹ کے ساتھ 502 وکٹیں حاصل کیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں اکرم نے 104 میچوں میں 414 وکٹیں حاصل کیں، جس کی اوسط 23.62 کی اوسط سے 2.59 اکانومی ریٹ ہے۔