اوکاڑہ یونیورسٹی سینڈیکیٹ کا اجلاس، فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق 792 ملین کے بجٹ کی منظوری

ہفتہ 14 دسمبر 2024 16:52

رینالہ خورد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2024ء) اوکاڑہ یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ نے 792 ملین کا بجٹ منظور کر دیا سنڈیکیٹ کے پچیسویں اجلاس کی صدارت وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کی اوکاڑہ یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ نے فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق 792 ملین کے بجٹ کی منظوری دے دی۔ اس بجٹ کی مدت جولائی 2024 سے لے کر دسمبر 2024 تک ہے بجٹ کے تخمینے میں یونیورسٹی کے وزٹنگ اساتذہ اور ریگولر اسٹاف کی تنخواہیں اور زیر تعمیر مسجد کے فنڈز شامل تھے سنڈیکیٹ کے پچیسویں اجلاس کی صدارت وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کی۔

ایڈیشنل رجسٹرار جمیل عاصم نے ایجنڈا پیش کیا۔ اجلاس کے آغاز میں نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے ممبران کے سامنے اپنے ویژن، مستقبل کے منصوبے اور یونیورسٹی کی انتظامی و تعلیمی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے اسکلز ڈویلپمنٹ سنٹر کے قیام، طلباء کےلیے ٹرانسپورٹ کی سہولت میں بڑھوتری اور جدید جاب مارکیٹ کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے ڈگری پروگرامز کے آغاز جیسے اقدامات پہ وائس چانسلر کو سراہا اور ان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا ئی رانا سکندر حیات نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نہ صرف موجودہ وسائل کو موثر طریقے سے استعمال کیا جائے بلکہ معاشی خود مختاری کے حصول کےلیے ریونیو کے نئے ذرائع بھی تلاش کیے جائیں۔

اس موقع پہ پروفیسر سجاد مبین نے سنڈیکیٹ ممبران کو بتایا کہ وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل پہ یونیورسٹی میں ڈسپنسری، فیول سٹیشن، کیفے اور اسکول بنانے جا رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے سروس کے میعار کی بہتری کےلیے ٹرانسپورٹ اور درجہ چہارم کے ملازمین کو آوٹ سورس کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے یہ وعدہ بھی کیا کہ وہ وزیر اعلی مریم نواز شریف سے درخواست کر کے یونیورسٹی کو ایک الیکٹرک بس بھی لے کر دیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ریلوے ٹریک کے ساتھ واقع یونیورسٹی کے داخلی راستوں پہ انڈرپاس اور اور ہیڈ برج بنانے کےلے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے اختتام پہ سنڈیکیٹ ممبر اور ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے بتایا کہ پروفیسر سجاد مبین کی تعیناتی کے بعد اوکاڑہ یونیورسٹی ہر حوالے سے بہتری کی طرف گامزن ہے رانا سکندر حیات نے یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں طلباء سے بھی بات چیت کی، ان کے مسائل سنے اور ان مسائل کے فوری حل کےلیے ہدایات جاری کیں۔\378