یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور میں ’’جائنٹ سوشل اینڈ کلچرل ایکشنز پراجیکٹ‘‘کی تقریب

تقریب کا انعقاد محکمہ انسانی حقوق نے برگد کے اشتراک سے کیا،وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی خصوصی شرکت

بدھ 18 دسمبر 2024 19:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2024ء)یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور میں محکمہ انسانی حقوق اور فلاحی تنظیم برگد کے باہمی اشتراک سے ’’جائنٹ سوشل اینڈ کلچرل ایکشنز پراجیکٹ‘‘کے موضوع پر ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ وائس چانسلر یونیورسٹی ہوم اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر سیدہ فلیحہ ، وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر، برگد کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر صبیحہ شاہین اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قرآن پاک، بائبل، بھگود گیتا اور گرو گرنتھ صاحب سے مقدس آیات کی تلاوت سے کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انسانی حقوق محمد یوسف اور پروگرام مینیجر رابعہ ڈار نے ماڈریٹر کی خدمات سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور اقلیتی کوٹوں کے نفاذ کے حوالے سے صوبائی حکومت کے عزم کو دہرایا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں مذہبی اقلیتیں اپنے تہوار مکمل آزادی سے منا رہی ہیں اور اس طرح کے سیمینارز بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید مستحکم کریں گے۔ صوبائی وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ مذہبی اقلیتوں کے لیے مینارٹیز کارڈ کا اجرائ بہت جلد ہونے جا رہا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وڑن کے مطابق خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے ہونہار اسکالر شپس شروع کی گئی اور خواتین کے لیے یہ قابل فخر بات ہے کہ انکی وزیراعلی ایک خاتون ہیں۔

ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے شمولیتی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں اقلیتی طلبہ کے لیے 2 فیصد نشستیں مختص کی گئی ہیں تاہم تعلیم پر زور دیتے ہوئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مفتی عاشق حسین نے کہا کہ ہندو، مسلمان، سکھ اور مسیحی جب متحد ہوں گے تو پاکستان مزید خوبصورت بنے گا۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے اس بات پر زور دیا کہ اقلیتوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے کوٹوں پر عمل درآمد ضروری ہے جبکہ تعلیم یافتہ اقلیتی افراد کے لیے 5 فیصد ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا جانا چاہئے۔

صبیحہ شاہین نے پراجیکٹ کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ لاہور کی 8 یونین کونسلز میں مقامی امن کے ڈھانچے کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، جبکہ ایل پی ایس ارکان کی طرف سے 45 سماجی ایکشن پروجیکٹس کا آغاز ہو چکا ہے۔ تقریب میں دو اہم پینل ڈسکشنز ہوئے، جن میں ایل پی ایس ارکان نے کامیاب کمیونٹی شمولیت کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا اور دوسرے پینل میں اقلیتی برادریوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے کوٹوں کے نفاذ پر گفتگو کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے شرکائ کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور ایل پی ایس ارکان اور کمیونٹی رہنماؤں کو سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔ مزید برآں، نمایاں شخصیات میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔