اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں عربی زبان کے موثر کردار پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس شروع

جمعرات 19 دسمبر 2024 17:38

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2024ء) فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک سٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام دینی اور ثقافتی نظریات کی تشکیل میں عربی زبان کے موثر کردار پر دوسری دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا ۔ عربی زبان کے عالمی دن کی مناسبت سے’’ بِلِسَانٍ عَرَبِیٍ مُبِینٍ‘‘ کے تھیم پر ہونے والی اس بین الاقوامی کانفرنس میں مصر ، اُردن ، عراق، فلسطین، سعودی عرب، الجزائر اور شام سے آئے ہوئے مندوبین کے ساتھ پاکستان بھر کی جامعات سے آئے ہوئے سکالر شریک ہیں۔

افتتاحی سیشن پروفیسر ڈاکٹرمحمد کامران وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور و ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے زیر صدارت عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر رانا محمد طارق مہمان خصوصی تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر نے کہا کہ عربی زبان دینی اور دنیاوی دونوں لحاظ سے اہم ہے ، خاص طور پر قرآن فہمی عربی زبان کے بغیر ممکن نہیں،اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اسلامک لرننگ فیکلٹی عربی زبان کی ترقی اور ترویج کے لئے نمایاں کردار ادا کرر ہی ہے۔

انہوں نے کانفرنس کے انعقاد میں ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن اور پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن ڈائریکٹر سیرت چیئر اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رانا محمد طارق نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور تدریس وتحقیق کا عالمی مرکز ہے اور دنیا بھر سے علمی شخصیات کی جامعہ اسلامیہ آمد اور غلام محمد گھوٹوی ہال میں ان کا اجتماع باعث برکت اور تقویت ہے۔

ڈین پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے کانفرنس میں شریک ملکی اور غیر ملکی مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان میں عربی زبان کے فروغ کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ افتتاحی سیشن سے پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک سٹڈیز، پروفیر ڈاکٹر رفعت علی السید سابق ڈین جامعہ الازہر مصر، پروفیسر ڈاکٹر شفقت اللہ سابق ڈین فیکلٹی آف اسلامک سٹڈیز اینڈ لینگوئجز بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان اور پروفیسر ڈاکٹر سلیم طارق خان سابق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کلیدی خطاب کیا۔

پہلے روز چار متوازی سیشن منعقد ہوئے۔ جن کی صدارت بالترتیب ڈاکٹر یعقوب مروت، جامعہ پشاور، ملک اللہ بخش کلیار، رکن اسلامی نظریاتی کونسل، ڈاکٹر فضل اللہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، ڈاکٹر عبدالرحیم بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے کی۔ کانفرنس میں شریک غیر ملکی مندوبین نے پروفیسر ڈاکٹر رفعت علی محمد السید الازہر یونیورسٹی مصر ، پروفیسر ڈاکٹر علی احمد رشید المومنی ، جرش یونیورسٹی اُردن، پروفیسر ڈاکٹر فواد المطلب جرش یونیورسٹی اُردن، پروفیسر ڈاکٹر محمد جری جاسم المداوی، واسط یونیورسٹی عراق، پروفیسر ڈاکٹر نھی عفونہ ، فلسطین ، پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصر سعید القرنی ، اُم القراء یونیورسٹی سعودی عرب، پروفیسر ڈاکٹر ایمن میدان قاہرہ یونیورسٹی مصر، پروفیسر ڈاکٹر دیاب غزاوی فیوم یونیورسٹی مصر، پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ کروم ادرار یونیورسٹی الجزائر، پروفیسر ڈاکٹر ہند عبدالحلیم الازہر یونیورسٹی مصراور پروفیسر ڈاکٹر غسان صالح عبدالمجید، شام شامل ہیں۔