جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل‘ سینیٹر ناصر بٹ سمیت دیگر ملزمان بری

جمعرات 19 دسمبر 2024 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 دسمبر2024ء)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ناصر بٹ، ان کے بھتیجے حمزہ عارف بٹ سمیت دیگر کو جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس میں بری کر دیا۔ملزمان کی جانب سے بریت کی دائر درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج عدنان رسول لاڑک نے کیس کی سماعت کی۔ملزمان کے وکلا کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ شکایات کنندہ ارشد علی اور مرکزی ملزم میاں طارق فوت ہو چکے ہیں، شکایات کنندہ کے فوت ہونے کی وجہ سے کیس کا وجود ہی ختم ہوگیا۔

وکیل نے استدلال کیاکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) نے دہشت گردی کی دفعہ کو ختم کر دیا اور اب مدعی ہی نہیں تو کیس کیسے چلا سکتا ہے، لیک ہونے والی ویڈیو میں کوئی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ملوث نہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ناصر بٹ و دیگر کو 2019 میں درج کیے گئے مقدمے میں بری کردیا۔یاد رہے کہ 6 جولائی کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز پریس کانفرنس کے دوران العزیزیہ اسٹیل ملز کیس کا فیصلہ سنانے والے جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سامنے لائی تھیں۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے جو ویڈیو چلائی تھی اس میں مبینہ طور پر جج ارشد ملک، مسلم لیگ (ن) کے کارکن ناصر بٹ سے ملاقات کے دوران نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس سے متعلق گفتگو کر رہے تھے۔