حلقہ این اے 47 سے متعلق جسٹس ریٹائرڈ شکور پراچہ پر مشتمل نئے الیکشن ٹربیونل کو کام کرنے سے روک دیا گیا

جمعرات 19 دسمبر 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے حلقہ این اے 47 سے متعلق جسٹس ریٹائرڈ شکور پراچہ پر مشتمل نئے الیکشن ٹربیونل کو کام کرنے سے روک دیا ۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے حلقہ این اے 47 کی حد تک ٹربیونل کو کارروائی آگے بڑھانے سے روک دیا ہے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کی الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔ عدالت نے اسلام آباد کے حلقہ این اے 47 کی حد تک نئے الیکشن ٹربیونل کو کارروائی سے روک دیا۔ عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب بھی طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

این اے 47 سے مسلم لیگ (ن )کے طارق فضل چوہدری ایم این اے بنے۔

شعیب شاہین نے ان کی کامیابی کے خلاف الیکشن ٹربیونل سے رجوع کررکھا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد سے کامیاب مسلم لیگ (ن )کے اراکین اسمبلی کی درخواست پر جسٹس طارق محمود جہانگیری کو تبدیل کرکے جسٹس ریٹائرڈ شکور پراچہ کو الیکشن ٹربیونل تعینات کردیا تھا ۔ نئے الیکشن ٹربیونل نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے متعلق دھاندلی کیسز 24 دسمبر کے لئے مقرر کر رکھے ہیں ۔ حلقہ این اے 47 پر حکم امتناع کے بعد الیکشن ٹربیونل اب دیگر دو حلقوں پر کارروائی آگے بڑھا سکے گا۔