لاہور میں موسم سرما کی پہلی بارش سے خشک سردی ختم‘ موسم مزید سرد ہوگیا

بادلوں کی انٹری کے باعث محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید سردی بڑھنے کی پیشگوئی کردی

Sajid Ali ساجد علی پیر 23 دسمبر 2024 10:25

لاہور میں موسم سرما کی پہلی بارش سے خشک سردی ختم‘ موسم مزید سرد ہوگیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 دسمبر2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں صبح سویرے ہوئی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپورروڈ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، کلمہ چوک، گارڈن ٹاؤن کے اطراف میں صبھ کے وقت ہلکی بارش ہوئی، ان علاقوں میں اج دن کے اوقات میں بھی بارش کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ قصور، کاہنہ، پاکپتن اور رینالہ خورد میں بھی بارش ہوئی، جب کہ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے، پہاڑی علاقوں میں لہہ کے مقام پر میں پارہ منفی 13 تک گر گیا، سکردو منفی 11، گوپس میں منفی 9 ریکارڈ کیا گیا، گلگت، دیر منفی 8، استور منفی 7، قلات، بگروٹ منفی 6، کوئٹہ، زیارت اور چترال میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں مزید سردی بڑھنے کی پیشگوئی ہے، پہاڑی علاقوں میں آج صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلو رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ سرد اور خشک رہے گا جب کہ وسطی، شمالی اور شمال مغربی حصوں اور پہاڑی علاقوں میں بہت سردی رہے گی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 5 ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح کوئٹہ میں 4، سمنگلی میں صفر، سریاب میں 2، دالبندین اور نوکنڈی میں ایک ڈگری درجہ حرارت رہا۔