گلگت بلتستان،شدید بارش اور برفباری کی پیشگوئی،لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

بدھ 1 جنوری 2025 22:33

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2025ء) محکمہ موسمیات نے ماہ جنوری کے پہلے ہفتے میں گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق طویل خشک موسم کے بعد بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں یکم جنوری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گئی ہیں جو 06 جنوری 2025 تک بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی جس کے باعث گلکت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات اور آغا خان ایجنسی فار ہابیٹاٹ کے الرٹ کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ بارش اور برفباری کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ الرٹ میں تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور خصوصا پہاڑی علاقوں میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے پی ڈی ایم ایز اور ایس ڈی ایم ایز کو ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت پہاڑوں پر برف کی کمزور تہہ موجود ہے جو مزید برفباری کی صورت میں برفانی تودے کا باعث بن سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :