وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے اربن بی ہائیو ماؤنٹ کا افتتاح کر دیا

بدھ 1 جنوری 2025 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2025ء)وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی ہنی بی ریسرچ گارڈن میں لاہور بینالے فاؤنڈیشن کے تعاون سے’’ اربن بی ہیو ماؤنٹ ‘‘کا افتتاح کر دیا ۔ا س موقع پر سینئر صحافی سہیل وڑائچ ، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف زوالوجی پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ روحی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف باٹنی پروفیسر ڈاکٹر محمد شکیل، انچارج ہنی بی ریسرچ گارڈن پروفیسر ڈاکٹر عبدالماجد خان، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اربن بی ہائیو ماؤنٹ کو خاص طور پر لاہور اور پاکستان کے دیگر شہروں میں بدلتے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہد کی مکھیوں کے پالنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلرڈاکٹر محمد علی نے ایپی تھراپی کلینک اور انسانی صحت میں اس کے استعمال خصوصاً گٹھیا کے علاج بارے آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنی بی ریسرچ گارڈن جلد ہی مکھی کی پیداوارکے حوالے سے ڈپلومہ اور سرٹیفائیڈ کورسز شروع کرے گا۔ انہوں نے مگس بانی کوتجارتی بنانے اور اس شعبے میں کاروباری مواقع پیدا کرنے میں اپنی دلچسپیوں کا اظہار کیا۔