Live Updates

حکومت سے مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی کے مطالبات کی تفصیلات سامنے آگئیں

پی ٹی آئی نے اپنا مختصر چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کیا ہے جس میں حکومت کے سامنے صرف دو مطالبات رکھے گئے ہیں، پہلا مطالبہ تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور دوسرا مطالبہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 2 جنوری 2025 10:42

حکومت سے مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی کے مطالبات کی تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 جنوری 2025)پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے مطالبات کی تفصیلات سامنے آگئیں ہیں،پی ٹی آئی نے مختصر چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کیا ہے جس میں حکومت کے سامنے صرف دو مطالبات رکھے گئے ہیں، تحریک انصاف کی جانب سے پہلا مطالبہ تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور دوسرا مطالبہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کاہے۔

بتایا گیا ہے کہ کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت اور پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد چارٹر آف ڈیمانڈ تیارکرتے ہوئے اپنے مطالبات کی فہرست بنائی ہے۔دوسری جانب حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج سے شروع ہوگا۔ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دوے ا دورکا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

مذاکراتی کمیٹی کے تمام اراکین کو اجلاس کے حوالے سے آگاہ کردیاگیا ہے ۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاﺅس میں آج سہ پہرساڑھے 3 بجے ہوگا۔ مذاکراتی اجلاس میں پی ٹی آئی کے تمام کمیٹی اراکین شرکت کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہ علی امین گنڈاپور بھی آج کے مذاکرات میں شامل ہوں گے۔ اجلاس میں تحریک انصاف اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی۔حکومت پی ٹی آئی کے جانب سے چارٹر آف ڈیمانڈ کی روشنی میں اپنا لائحہ عمل دے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روزسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس2جنوری کوطلب کیاتھا۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس کانسٹیٹیوشن روم پارلیمنٹ میں طلب کیا تھا جس کیلئے مذاکراتی کمیٹی ارکان کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے تھے۔قبل ازیں بھی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان 23 دسمبر کو قومی اسمبلی کے سردارسپیکر ایاز صادق کی ثالثی میں مذاکرات ہوئے تھے اور دونوں فریقین کی جانب سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات