اوپن یونیورسٹی اور رورل ڈویلپمنٹ فائونڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 2 جنوری 2025 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور رورل ڈویلپمنٹ فائونڈیشن (آر ڈی ایف) نے زراعت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ جمعرات کو اوپن یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور رورل ڈویلپمنٹ فائونڈیشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان نے یادداشت پر دستخط کئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مند ہونا بھی بہت اہمیت رکھتا ہے۔اس شراکت داری سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اور شعبہ ایگریکلچر کے طلبہ و طالبات بہت مستفید ہوں گے اور چاہے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہو یا زراعت، دونوں میں جدید پائیدار طریقوں سے کام اور سیکھنے کے مواقع ملیں گے۔

(جاری ہے)

صدر رورل ڈویلپمنٹ فائونڈیشن بریگیڈئر (ر) محمد اسلم خان نے اس موقع پر کہا کہ دیہی آبادی کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ افراد کو بااختیار بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ادارہ 1978ء سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں فرائض انجام دے رہا ہے جن میں تعلیم، صحت، زراعت شامل ہیں۔تقریب میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹرعبد العزیز ساحر،ڈین کلیہ عربی و علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، سابقہ وائس چانسلر ورچوئل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد نواز، فیکلٹی ممبران و افسران اور طلبہ نے شرکت کی۔