فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام آل پاکستان انٹر بورڈ گرلز سپورٹس گالا اختتام پذیر ہو گیا

منگل 7 جنوری 2025 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2025ء) فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام آل پاکستان انٹر بورڈ گرلز سپورٹس گالا کا اختتام پاکستان سپورٹس بورڈ نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں ہوا۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام ہونے والے انٹر بورڈ گرلز سپورٹس گالا کا آغاز 04 جنوری 2025ء کو پاکستان سپورٹس بورڈ میں ہوا تھا ۔

سپورٹس گالا میں پاکستان بھر سے 19 تعلیمی بورڈز کی ٹیموں نے حصہ لیا جس میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ہاکی ، ایتھلیٹکس کے کھیل شامل تھے ،تمام کھیلوں میں کھلاڑیوں نے محنت اور دلی جوئی سے حصہ لیا۔ کھیلوں میں پوزیشن لینے والی ٹیموں میں بیڈمنٹن کے مقابلوں میں تیسری پوزیشن اسلام آباد، دوسری لاہور جبکہ پہلی پوزیشن گوجرانوالہ بورڈ نے حاصل کی ۔

(جاری ہے)

ٹیبل ٹینس میں کے مقابلوں میں تیسری پوزیشن اسلام آباد، دوسری ایبٹ آباد اور پہلی پوزیشن لاہور بورڈ نے حاصل کی ۔ ہاکی کے مقابلوں میں تیسری پوزیشن اسلام آباد بورڈ، دوسری مردان اور پہلی پوزیشن لاہور بورڈ نے حاصل کی ۔ ایتھلیٹکس میں تیسری پوزیشن میں دو بورڈز اسلام آباد اور میر پور بورڈ کے نام ہوئی، دوسری فیصل آباد جبکہ پہلی پوزیشن لاہور بورڈ نے حاصل کی۔

بیسٹ ایتھلیٹ کا سہرا بھی لاہور بورڈ کے سر رہا جبکہ انٹر بورڈز سپورٹس گالا کا اوور آل کا انعام لاہور بورڈ نے حاصل کیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سپورٹس گالا میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں اور تعلیمی بورڈذ کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور پوزیشن حاصل کرنے والی تمام ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے کہا کہ ہم تمام بورڈز کو خوش آمدید کہتے ہیں جنہوں نے فیڈرل بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے انٹر گرلز سپورٹس گالا میں شرکت کی اور گالا میں رونق بخشی ۔انٹر بورڈ گرلز سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر رجسٹریشن اینڈ سپورٹس فیڈرل بورڈ فاطمہ طاہرہ اور ڈائریکٹر سپورٹس فیڈرل بورڈ فوزیہ معروف نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔