یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور میں پروفیسر ڈاکٹر مبشر ندیم کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

منگل 7 جنوری 2025 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2025ء) یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں پروفیسر ڈاکٹر مبشر ندیم کے شاندار کیریئر کے اعتراف میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ان کی اعلی تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات اور ادارے کے لیے طویل عرصے تک دی گئی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز، پرنسپلز، سینئر فیکلٹی ممبران اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر مبشر ندیم نے اپنے کیریئر کے دوران پیش آنے والے چیلنجز کا شکریہ ادا کیا کیوں کہ ان کے بقول یہ چیلنجز ان کی ترقی اور کامیابی کی بنیاد بنے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے اپنی ذمہ داریوں کو لگن اور جذبے کے ساتھ پورا کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری نے ڈاکٹر مبشر ندیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مبشر ندیم اس ادارے کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔

ہمیں فخر ہے کہ ایسی قدآور شخصیات ہماری یونیورسٹی سے منسلک ہیں، جنہوں نے علمی اور انتظامی شعبوں میں اعلی معیار قائم کیے۔واضح رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر مبشر ندیم نے اپنے کیریئر کے دوران مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں، جن میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے رجسٹرار، یونیورسٹی کے ڈین اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے رکن شامل ہیں۔ ان کی شاندار قیادت اور لگن نے ادارے اور علمی دنیا پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ تقریب کا اختتام ڈاکٹر مبشر ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔