معاشرے میں برداشت کے فروغ کے لئے دوسروں کی رائے کا احترام ضروری ہے ،وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی

بدھ 8 جنوری 2025 21:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2025ء)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ معاشرے میں برداشت کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے حضرت محمد کی تعلیمات کی روشنی میں ایک دوسرے کی رائے کا احترام ضروری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹیو اینڈ ٹیکنیکل سٹاف ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام فیصل آڈیٹوریم میں منعقدہ ’’سیرت النبیﷺکانفرنس ‘‘سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ادارہ معارف اسلامی لاہورڈاکٹر ساجد انور، رجسٹرار ڈاکٹراحمد اسلام،صدرایڈمنسٹریٹیو اینڈ ٹیکنیکل سٹاف ایسو سی ایشن چوہدری بشارت محمود، صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر امجد عباس مگسی اورہزاروں ملازمین نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ میرے ایمان کا حصہ ہے کہ ہم سب برابر ہیںاورملازمین کے بغیر پنجاب یونیورسٹی نامکمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسان کو دیانت داری آگے لے کرجاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات سے پتا چلتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک دیانتدار، ایماندار، متقی اور پرہیز گار شخص کا رتبہ بہت بلندہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 35سال سے تعلیمی میدان میں خدمات انجام دے رہا ہوں اور ملازمین کے ساتھ کبھی زیادتی نہیں ہونے دی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے مسائل اتنے بڑے نہیں، /صرف انتظامی معاملات میں خرابی ہے جس پر قابو پانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کا ایک ایک پیسہ بچا کر اگلے چار سال تک اسے ایک مثالی ادارہ بنائیں گے انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو خسارے سے نکال کر سرپلس بجٹ دیں گے۔ مذہبی سکالر ڈاکٹر ساجد انور نے سیر ت النبی ﷺ کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺکی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک مثالی معاشرہ تشکیل دینے کے لئے ضروری ہے کہ مل کر کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ سے محبت کا تقاضہ ہے کہ ایسی محافل کا انعقاد جاری رہے۔ چوہدری بشارت محمود نے کہا کہ وہ ملازمین کی جانب سے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی اور انتظامیہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اتنی خوبصورت محفل سجانے پرتعاون کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وائس چانسلر کی قیادت میں یونیورسٹی ملازمین، اساتذہ اور طلباء کے تمام مسائل جلد حل ہوں گے۔