پاکستان اضافی گندم کی برآمد سے بھاری قیمتی زرمبادلہ حاصل کر سکتاہے،پاکستان کسان بورڈ

جمعرات 9 جنوری 2025 16:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2025ء) پاکستان کسان بورڈکے مرکزی رہنما عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پاکستان رواں سال گندم بمپر کراپ حاصل کرکے اضافی گندم کی برآمد سے بھاری قیمتی زرمبادلہ حاصل کر سکتاہے۔میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ اب جبکہ ملک میں ربیع کا سیزن شروع ہے اس لئے جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے جڑی بوٹیوں اور ضرررساں کیڑوں پر قابو پاکر پاکستان کو بین الاقوام کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے کم از کم 2کروڑ 80لاکھ ٹن کے قریب گندم پیدا کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں 2کروڑ 20لاکھ ٹن، بلوچستان میں 7لاکھ ٹن، خیبر پختونخواہ میں 18لاکھ ٹن اور سندھ میں 35لاکھ ٹن گندم باآسانی پیدا کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین کی شبانہ روز جدوجہد سے گندم کی ایسی نئی اقسام دریافت کی گئی ہیں جن کی کوالٹی، ذائقے اور بیماریوں کے خلاف بھر پور قوت مدافعت نے دنیابھر میں اپنا لوہا منوالیا ہے اس طرح عالمی سطح پر پاکستانی گندم بہتر طریقے سے پریمیم پر فروخت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ موسمی تغیرات کے باعث اس سال عالمی سطح پر ایک کروڑ ٹن کے قریب گندم کی کمی ہو گی اس لئے پاکستانی گندم کو عالمی مارکیٹ میں فی ٹن اچھے نرخ حاصل ہو سکیں گے جس سے ملک میں بھاری قیمتی زرمبادلہ آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی کمرشل اتاشیوں کو گندم اور دیگر زرعی اجناس کی ایکسپورٹ کے باقاعدہ اہداف دیئے جائیں تو پاکستانی گندم اپنا بہتر مقام اور مالی منفعت حاصل کرنے کے قابل ہو سکتی ہے۔