آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن: سرفہرست دو امیدواروں کے درمیان بورڈ آف گورنرز کے انتخابات 17جنوری کو ہوں گے

جمعہ 10 جنوری 2025 23:51

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2025ء) آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن میں بورڈ آف گورنرز کے انتخابات کے سلسلے میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواران کے درمیان ضلع مظفرآباد کی حد تک انتخاب کے لیے پولنگ 17 جنوری کو ہوگی۔اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن میں بورڈ آف گورنرز کے انتخابات مورخہ 10 دسمبر2024ء کو ہوئے تھے، کسی امیدوار کو واضح اکثریت (51 فیصد) حاصل نہ ہونے والے اضلاع میں بعد ازاں 16 دسمبر2024ء کو انتخابات عمل میں لائے گئے۔

جس میں ماسوائے ضلع مظفرآباد کے دیگر تمام اضلاع اور راولپنڈی / اسلام آباد سے بورڈ آف گورنرز کا انتخاب مکمل ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

مظفرآباد میں دوبارہ پولنگ کے لیے 26 دسمبر2024کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن نمبر شمار 1 پر آنے والے امیدوار سید ابرار حیدر نے سینئر سول جج مظفرآباد کے فیصلہ کے خلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرآباد کی عدالت میں اپیل دائر کرتے ہوئے ان انتخابات کے خلاف حکم امتناعی حاصل کیا، جس وجہ سے مظفرآباد میں انتخاب کا عمل تعطل کا شکار ہو گیا۔

عدالت ایڈیشنل سیشن و ڈسٹرکٹ جج مظفرآباد نے مورخہ 07 جنوری 2025 کو سید ابرار حیدر کی اپیل معہ حکم امتناعی خارج کر دی ہے۔ اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن نے پریس فاؤنڈیشن کے رولز کے مطابق پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواران کے درمیان ضلع مظفرآباد کی حد تک انتخاب کے لیے پولنگ کی آئندہ تاریخ 17 جنوری 2025بروز جمعتہ المبارک مقرر کی ہے۔ پولنگ کا عمل دس تا شام چار بجے تک جاری رہے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے انتخاب کے لیے سابقہ انتظامات بحال رکھنے کی بھی منظوری دی ہے۔