Live Updates

اسپیکر قومی اسمبلی دو روز میں واپس آرہے ہیں پھر ملاقات کرادی جائے گی

پی ٹی آئی رہنماء صرف عمران خان سے نہیں باقی قیدی رہنماؤں سے بھی ملاقات چاہتے ہیں، ان کی ملاقاتوں کی خواہش منفرد ہے، جو شاید جیل مینوئل متاثر کردے گی۔ سینیٹر عرفان صدیقی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 10 جنوری 2025 23:38

اسپیکر قومی اسمبلی دو روز میں واپس آرہے ہیں پھر ملاقات کرادی جائے گی
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 10 جنوری 2025ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی دو روز میں واپس آرہے ہیں پھر ملاقات کرادی جائے گی،پی ٹی آئی رہنماء صرف عمران خان سے نہیں باقی قیدی رہنماؤں سے بھی ملاقات چاہتے ہیں، ان کی ملاقاتوں کی خواہش منفرد ہے، جو شاید جیل مینوئل متاثر کردے گی۔

انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کمیٹی بانی پی ٹی آئی سے ایسی ملاقات چاہتی ہے جس کا کوئی ٹائم فریم نہ ہو، ان کی ایسی ملاقات کی خواہش ہے جس کو کوئی آنکھ نہ دیکھے اور نہ کوئی کان سن سکے۔چند چیزیں ہوں گی جو بانی سے ملاقات میں رکاوٹ بنی ہوں گی۔ ہماری کمٹمنٹ ہے تو ہمیں ان کی بانی سے ملاقات کرانی چاہیئے۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی دو روز میں واپس آرہے ہیں، توقع ہے کہ اسپیکر اسمبلی کے واپس آنے کے بعد ملاقات کرادی جائے۔ پی ٹی آئی رہنماء صرف عمران خان سے نہیں باقی رہنماؤں سے بھی ملاقات چاہتے ہیں، اس طرح تو ملاقاتیں ہوتی رہیں گی، ایک طرف کہتے ہیں عمران خان اگر کچھ کہہ دیں گے تو وہ حرف آخر ہوگا۔پی ٹی آئی کی ملاقاتوں کی خواہش منفرد ہے، جو شاید جیل مینوئل متاثر کردے گی۔

ہم پی ٹی آئی والوں کی ملاقات کرائی تھی لیکن وہ کچھ حاصل نہیں کرسکی تو ہم کیا کہہ سکتے ہیں۔ ملاقات سے انتظامی مشکلات ہوسکتی ہیں، جیل مینوئل متاثر ہوسکتے ہیں۔ مزید برآں پی ٹی آئی رہنماء فیصل چودھری نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تیسری میٹنگ کو جوڈیشل کمیشن بنانے سے مشروط کردیا ہے، اگر جوڈیشل کمیشن نہ بنایا گیا تو چوتھی میٹنگ معطل ہوجائے گی۔

بانی سمجھتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن اور اسیران کی رہائی دونوں مطالبات ماننے والے ہیں، عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام تھرڈ ایمپائر ہے ، عمران خان نے کرکٹ کا بھی حوالہ دیا کہ میں نے کرکٹ میں تھرڈ ایمپائر متعارف کرایا۔اگر جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا جاتا تو پھر مذاکرات وقت کا ضیاع ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات