امرود کی بروقت و مناسب بار آوری کیلئے باغبانوں کوماہ جنوری کے دوران 20 سے25 دن کے وقفہ سے آبپاشی کی ہدایت

منگل 14 جنوری 2025 14:08

فیصل آبا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2025ء) محکمہ زراعت نے باغبانوں کو رواں ماہ جنوری کے دوران امرود کے باغات کی آبپاشی20 سے25 دن کے وقفہ سے کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ امرود کے باغبان ماہ جنوری کے دوران 20 سے25 دن کے وقفہ سے باغات کی آبپاشی کریں تاہم فروری اور مارچ کے دوران آبپاشی کا دورانیہ 15سے 20 روز کردینا چاہیے تاکہ امرود کی بروقت و مناسب بار آوری کاعمل مکمل ہو سکے۔

ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادکے ماہرین اثمارنے بتایاکہ امرود پاکستان کا چوتھا اور صوبہ پنجاب کا تیسرا اہم ترین پھل ہے جس کی پیداوار 800 ہزار ٹن سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد، ساہیوال، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ کے اضلاع میں امرود کی کاشت وسیع پیمانے پر کی جارہی ہے نیز سندھ میں لاڑکانہ، دادو، شکارپور، حیدر آبادکے اضلاع اور خیبرپختونخوا میں ہزارہ و مردان کے اضلاع امرود کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ امرود میں اعلیٰ معیار کا وٹامن سی پایاجاتاہے جو ترشاوہ پھلوں سے 5گنا زائد تقویت کے باعث فاسفورس، کیلشیم، آئرن کے حصول کا اہم ذریعہ بھی ہے۔انہوں نے بتایاکہ امرود سے جیم، جیلی، سکوائش، جوس بلینڈ، جوس کنسنٹریٹ اور کینڈی وغیرہ جیسی مصنوعات بھی تیار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اکثرعلاقوں میں کچے امرود کو سالن کی طرح بھی پکایاجاتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ امرود کی اہم اقسام میں لاڑکانہ صراحی، شرقپوری گولہ، کریلا، سرخا، سلیکشن 313 وغیرہ خاص اہمیت کی حامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ امرود کاپودا سال میں دو مرتبہ پھل دیتاہے جس میں سے ایک بار جنوری و فروری اور دوسری بار جولائی و اگست کے مہینے شامل ہیں۔