صومالی وزیر تعلیم کا دورہ اسلامی یونیورسٹی، دور طالب علمی کی یادوں کو تازہ کیا

منگل 14 جنوری 2025 17:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2025ء) صومالیہ کے وزیر برائے تعلیم، ثقافت و اعلیٰ تعلیم فرح شیخ عبدالقادر نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید سے ملاقات کی جبکہ فیکلٹی آف شریعہ و قانون کا بھی دورہ کیا اور زمانہ طالب علمی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے اپنے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

منگل کو جاری پریس ریلیزکے مطابق ان کے ہمراہ صومالی سفیر شیخ نور محمد حسن بھی وفد کا حصہ تھے۔صومالی وزیر تعلیم نے جامعہ کے مینجمنٹ بلاک آڈیٹوریم میں صومالی طلباء سے ملاقات کے دوران ان سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے صومالیہ کو بڑے ناموں سے نوازا جو آج ان کے ملک میں مختلف نامور عہدوں پر فائز ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے صومالی طلبا کو تلقین کی کہ وہ اس جامعہ سے بھرپور استفادہ کریں۔

دریں اثنا، صومالی وزیر نے یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد شجاع سید سے بھی ملاقات کی جس میں تعلیم اور تحقیق میں تعاون کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے صومالیہ اور یونیورسٹی کے درمیان تاریخی تعلقات پر زور دیتے ہوے تعلیمی روابط کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صومالی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں اس مادر علمی کی بابت ہیں۔

انہوں نے صدر جامعہ سے صومالی طلبا کے وظائف اور داخلوں میں اضافہ پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر صدر اسلامی یونیورسٹی نے کہا کہ صومالی طلباء با صلاحیت اور محنتی ہیں، یونیورسٹی کے دروازے صومالیہ کے مزید طلباء کے استقبال کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ انہوں نے داخلہ مہم کے دوران صومالی طلبا کی رہنمائی کے لیے ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر جامعہ کے مشیران طلبا و طالبات، انچارج خواتین کیمپس اور دیگر اہم عہدیداران بھی موجود تھے۔