بین الاقوامی سطح پر جامعہ کراچی کے حلال ٹیسٹنگ سروس کے معیار کا اعتراف

منگل 14 جنوری 2025 22:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2025ء)کراچی۔ گلف کواپریشن کونسل ایکریڈیشن سینٹر(جی سی سی) نے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے تحت چلنے والی حلال سرٹیفکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروس (ایچ سی ٹی آر ایس)کو ’’ایکریڈیشن سرٹیفیکٹ‘‘ جاری کیاہے جو ادارے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے، ایچ سی ٹی آر ایس، جامعہ کراچی کو پبلک سیکٹر تحقیقی اداروں میں واحد حلال سروس فراہم کرنے والا ادارہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

یہ بات بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین کی صدارت میں ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں جمعہ کو منقعدہ ایک اجلاس کے دوران کہی گئی۔

(جاری ہے)

پروفیسر فرزانہ شاہین نے ایچ سی ٹی آر ایس پروجیکٹ ٹیم بشمول ایچ سی ٹی آر ایس کے انچارج پروفیسر ڈاکٹرسید غلام مشرف، جنرل مینجر مفتی ڈاکٹر سیدعارف علی شاہ، ڈاکٹر اشتیاق احمد اور ڈاکٹر شکیل احمد سمیت ٹیم کے دیگر ممبران کواس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایچ سی ٹی آر ایس، جامعہ کراچی کو پبلک سیکٹر تحقیقی اداروں میں واحد حلال سروس فراہم کرنے والا ادارہ ہے جوحلال مسائل کے عنوان سے ریگولیٹری حکام، صنعتوں، اکیڈمیا اور صارفین کو پائیدار حل فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے کہا گلف کواپریشن کونسل ایکریڈیشن سینٹرکی جانب سے ایکریڈیشن کی سند کا اجراء یقینا ہمارے حلال سرٹیفکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروس کے بین الاقوامی معیار کی نشاندہی کرتا ہے اور اسی معیار کے پیش نظر اس ادارے کو چند ماہ قبل پاکستان حلال اٹھارٹی، اسلام آباد، وفاقی وزارت برائے سائینس اور ٹیکنالوجی نے بھی رجسٹریشن سرٹیفیکٹ دیا تھا۔

پروفیسرسید غلام مشرف نے گلف کواپریشن کونسل ایکریڈیشن سینٹرکے بارے میں اجلاس کو بتایا کہ یہ عالمی سطح پر ایک مشہور ادارہ ہے جو بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے، تسلیم شدہ کنفرمٹی اسسمنٹ باڈیز کی شناخت کو بڑھانے، اور دنیا بھر میں ایکریڈیشن کے طریقوں کو ہم آہنگ کرنے کے لیے پٴْر عزم ہے۔ واضح رہے کہ ایچ سی ٹی آر ایس متعدد شعبوں میں حلال سے متعلق اسناد پیش کر رہا ہے ان شعبوں میں جانوروں کی اصل خوراک یعنی ذبح کرنے، گوشت اور گوشت کی مصنوعات، پودوں کی اصل خوراک، مشروبات، تمام پراسس شدہ کھانے، کھانے کی سروس او ر سہولیات، برآمد، درآمد، تقسیم، ریٹیل، متعلقہ پیکچنگ اور اسٹوریج کے ساتھ نقل و حمل اور معاون خدمات وغیرہ شامل ہیں۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن نے ایچ سی ٹی آر ایس کی ٹیم کو اٴْن کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔#