رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے پاک چائنہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ (PCTVI) میں قائم بلوچی زبان کے نامور شاعر قاضی مبارک کے نام سے منسوب لائبریری کا افتتاح کیا

جمعرات 16 جنوری 2025 21:20

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2025ء) رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے پاک چائنہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ (PCTVI) میں قائم بلوچی زبان کے نامور شاعر قاضی مبارک کے نام سے منسوب لائبریری کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی آف گوادر کے پرو وائس چانسلر اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پی سی ٹی وی آئی ڈاکٹر منظور احمد، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈائریکٹر فنانس رحمت بلوچ، مختلف شعبوں کے چئیرپرسنز اور ایڈمن اسٹاف نے شرکت کی۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے قاضی مبارک کی ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ لائبریری نوجوانوں کے علمی اور ادبی ذوق کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

افتتاح کے بعد مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کو پی سی ٹی وی آئی کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا گیا، جہاں انہوں نے کلاسوں میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ ایم پی اے نے ادارے کی سہولیات اور تدریسی معیار کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کے طلباکے لیے ایک شاندار پلیٹ فارم قرار دیا۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات علاقے کی تعلیمی اور فنی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ان سے نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ہنر سیکھنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔