Live Updates

بانی پی ٹی آئی نے ڈیل لینے سے انکار کیا اور اس کا شاخسانہ ہمیں سزا کے طور پر ملا

جو ڈیل لیتے ہیں وہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کیس سے بھی بری الزمہ ہوجاتے ہیں، کچھ مخصوص لوگوں نے رات کو ہی فیصلہ بتانا شروع کردیا تھا، ہماری اپیل تیار ہے تحریری فیصلہ ملتے ہی اپیل دائر کردیں گے۔ فیصل چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 جنوری 2025 22:38

بانی پی ٹی آئی نے ڈیل لینے سے انکار کیا اور اس کا شاخسانہ ہمیں سزا کے ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 جنوری 2025) پی ٹی آئی رہنماء اور وکیل بانی پی ٹی آئی فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ڈیل لینے سے انکار کیا اور اس کا شاخسانہ ہمیں سزا کے طور پر ملا، جو ڈیل لیتے ہیں وہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کیس سے بھی بری الزمہ ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ڈیل لینے سے انکار کیا اور اس کا شاخسانہ سزا کے طور پر ملا، اس ملک میں جو ڈیل لیتے ہیں وہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے الزام سے بھی بری الزمہ ہوجاتے ہیں، پھر بائیومیٹرک بھاگ کر ایئرپورٹ جاتی ہے، مفرور ہونے کے باوجود ہیلی کاپٹر پر آکر وہ کبوتر اڑاتے ہیں، پھر کبوتر اڑاتے ان کی ایک چونچ اور دُم بھی غائب ہوجاتی ہے، فیصلے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقاات ہوئی، دونوں پرعزم اور ان کے حوصلے بلند ہیں، 21 دسمبر کو جب فیصلہ آنا تھا تو اسی روز ہم نے نیوزکانفرنس کے نوٹس تیار کرلیے تھے، پھر سلمان اکرم راجا کو اپیل تیار کرنے کا بھی کہہ دیا گیا تھا، اپیل ہماری تیار ہے جیسے ہی تحریری فیصلہ ملے گا اپیل دائر کردیں گے۔

(جاری ہے)

190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ جب نہیں سنایا گیا تو لوگوں کو علم تھا، جب سنایا جانا تھا تو رات کو ہی لوگوں کو ٹویٹ ہوگئی تھیں۔ جس نے جج کو فیصلہ بھیجا اس نے ہی رات کو لیک کردیا، ایسے فیصلے کی کیا وقعت رہ جاتی ہے؟ پی ٹی آئی کو فیصلے پر بالکل کوئی حیرانگی نہیں ہوئی۔ دوسری جانب اے آروائی نیوز کے مطابق سابق وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بدنصیبی سے بانی پی ٹی آئی خود اس دوراہے پر کھڑے ہوگئے، کل کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سزا ہوگی، پی ٹی آئی والے بھی چاہتے ہیں کہ عمران خان جیل میں ہی رہیں گے، مذہبی کارڈ کھیلنے کی شرمناک کوشش کی گئی۔ 190 پاؤنڈ کیس کا فیصلہ اعلیٰ عدلیہ جاکر بھی ختم نہیں ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات