مریم نواز، صدر یواے ای کی جعلی تصاویر شیئر کرنے پر 2خواتین سمیت مزید 10ملزمان کیخلاف مقدمات درج

شہباز گل اور عادل راجہ جیسے ملزمان کو پاکستان لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم سرفراز چوہدری

منگل 21 جنوری 2025 18:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2025ء) ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم محمد سرفراز چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، صدر یواے ای کی جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنیوالے والے 10مزید ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے جن میں 2خواتین بھی شامل ہیں ،شہباز گل اور عادل راجہ جیسے ملزمان کو پاکستان لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

ایف آئی اے سائبر کرائم لاہور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد سرفراز چوہدری اور ڈپٹی ڈائریکٹرز زوار احمد نے پریس کانفرنس کی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی مریم نوازشریف اور یواے ای کے صدر کی اے آئی جنریٹڈ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے والے 10مزید ملزمان کیخلاف مقدمات درج ہیں۔ملزمان میں دو خواتین بھی شامل ہیں، اب تک ایسے عناصر کیخلاف 18مقدمات درج ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر جو اسٹیٹ اور معزز شخصیات کیخلاف ایسا پراپیگنڈا کرتے ہیں ان کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، ان میں وہ ملزمان شامل ہیں جنہوں نے یہ تصاویر بنائی اور شیئر کیں۔انہوں نے بتایا کہ جن افرادنے ان پر کمنٹس کیے وہ بھی ایف آئی اے کے ملزم ہیں، ان ملزمان کو پانچ سے سات سال تک سزا ہوگی، اس حوالے سے ملزمان کی 4کیٹگریز بنائی گئی ہیں، تصاویر بنانے والے،شیئر کرنے والے، لائیک اور کمنٹ کرنیوالو ں کو بھی پکڑا جائے گا، سائبر کرائم کے حوالے سے قوانین کو مزید سخت بنارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ پاکستان کیخلاف ملک سے باہر بیٹھ کر شر پسندی کر رہے ہیں، انہیں پاکستان لائیں گے، شہباز گل اور عادل راجا جیسے ملزمان کو پاکستان لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم نے کہا کہ لاہورمیں 6، فیصل آباد میں 5، گوجرانوالہ 1،ملتان میں 2، پشاور میں 3اور ایبٹ آباد میں ایک مقدمہ درج ہوا، ملزمان جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور 8جوڈیشل ہوگئے ہیں۔