اگر سیاسی جماعتیں بیٹھ کر معاملات کو طے کر لیں تواسٹیبلشمنٹ کی کوئی مداخلت نہیں ہوگی

اسٹیبلشمنٹ کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، پہلے سیاسی قوتوں کو اکٹھا نہیں ہونے دیا جاتا تھا، فیصلے سڑکوں پر نہیں ہوتے، جمہوریت ڈائیلاگ سے چلتی ہے،وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 21 جنوری 2025 22:25

اگر سیاسی جماعتیں بیٹھ کر معاملات کو طے کر لیں تواسٹیبلشمنٹ کی کوئی ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 جنوری 2025ء ) وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر سیاسی جماعتیں بیٹھ کر معاملات کو طے کر لیں تواسٹیبلشمنٹ کی کوئی مداخلت نہیں ہوگی، اسٹیبلشمنٹ کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، پہلے سیاسی قوتوں کو اکٹھا نہیں ہونے دیا جاتا تھا۔ میڈیا کے مطابق مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کو ڈائیلاگ کرنے چاہئیں، جمہوریت ڈائیلاگ سے چلتی ہے، آئندہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے مطالبات کا جواب دیں گے، ہم ان کی بانی سے ملاقات کروا رہے ہیں، ہماری سب کمیٹی پی ٹی آئی کے ایک ایک مطالبے کا تحریری جواب تیار کررہی ہے، اگلی میٹنگ میں پی ٹی آئی کو تحریری جواب دے دیں گے، 28جنوری کو اسپیکر کو درخواست کریں گے کہ میٹنگ بلا لیں، پی ٹی آئی کے ہر مطالبے کا قانون کے مطابق جواب دیں گے، بات جب بھی طے ہونی ہے بیٹھ کر ہی ہونی ہے، جب سے ہماری حکومت بنی ہے کیا پی ٹی آئی روز اسپیکر چیمبر میں بیٹھ کر ہم سے بات نہیں کرتی؟انہوں نے کہا کہ یہ ن لیگ کی نہیں اتحادی حکومت ہے، فیصلے سڑکوں پر نہیں ہوتے، اسٹیبلشمنٹ کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، اگر سیاسی جماعتیں بیٹھ کر معاملات کو طے کر لیں تو ان کی طرف سے کوئی مداخلت نہیں ہوگی، پہلے سیاسی قوتوں کو اکٹھا نہیں ہونے دیا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

اگر سیاسی جماعتوں نے لڑ کر موجودہ صورتحال کو آگے بڑھایا تو سیاسی معاشی نقصان ہوگا۔ اسی طرح سابق وزیر فیصل واوڈا نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اسٹیبلشمنٹ کا احترام کرتا ہوں ، یہ آج سے نہیں ہے، جب کوئی غلط کام کرے گا تو ڈرے گا، جو بھی غلط کام کرے گا اس کیخلاف بولوں گا، مجھے اینٹی اسٹیٹ بھی بنایا گیا پھر بھی حق سچ بات کرنا نہیں چھوڑا، جمہوریت ، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ اگر تینوں لائن نہیں ہیں، تو پھر کہیں نہ کہیں مسئلہ ہے، تینوں کا ایک لائن پر ہونا ضروری ہے۔

موجودہ حکومت بھی وہی ہے جو 75سالوں سے سیٹ اپ چلتا آرہا ہے، اب بھی وہی سیٹ اپ چل رہا ہے، آئین قانون بہت کچھ کہتا ہے کیا اس پر عملدرآمد ہوتا ہے؟ عدالتوں کے نظام سے شروع کریں اور عدلیہ کو سب سے پہلے ٹھیک کریں، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی دروازے کے باہر دیکھ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو ڈیل آفر نہیں ہورہی، بانی پی ٹی آئی کو ڈیل آفر ہوگی تو وہ ایک منٹ میں ہوجائے گی، بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل ہوا تو میرے لئے حیران کن نہیں ہوگا۔