گوجرانوالہ کے نجی کالج کے 55رکنی وفد کا الحمراء ماڈرن آرٹ میوزیم کا دورہ

الحمراء میوزیم کے افسران نے وفد کا استقبال کیا، نوجوانوں کی فن پاروں میں گہری دلچسپی لی

جمعرات 23 جنوری 2025 20:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2025ء) گوجرانوالہ کے نجی کالج کے 55رکنی وفد نے الحمراء ماڈرن آرٹ میوزیم کا دورہ کیا۔الحمراء میوزیم کے افسران نے وفد کا استقبال کیا، نوجوانوں کو میوزیم میں آویزاں کا م پر بریف کیا،نوجوانوں کی فن پاروں میں گہری دلچسپی لی۔آرٹ کے فن پارے کسی بھی قوم کی اعلیٰ اقدارکے آئینہ دار ہوتے ہیں۔

چیئرمین الحمراء رضی احمد نے اس حوالے اپنے تاثرات میں کہا کہ آرٹ کے فن پارے کسی بھی قوم کی اعلیٰ اقدارکے آئینہ دار ہوتے ہیں،فن پاروں سے ہماری قوم کی ہزار ہاسالہ تہذیب و تمدن ،ثقافت اور معاشرت بخوبی جھلکتی ہیں،پاکستان مصوروی کے شعبے میں بڑے بڑے نام پیدا کرنے میں ایک زرخیز ترین خطہ رہا ہے ۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء توقیر حیدر کاظمی نے اپنے بیان میں کہا کہ الحمراء ماڈرن آرٹ میوزیم میںعالمی شہرت یافتہ 100سے زائدآرٹسٹوں کے 200سے زائدفن پارے رکھے گئے ہیں ،الحمراء آرٹ میوزیم ہماری نئی نسل کو اپنی عظمت رفتہ سے شناسا کرنے کے قابل قدار اورکامیاب کو ششیں کر رہا ہے،نامور مصوروں عبد الرحمن چغتائی،استاد اللہ بخش ،صادقین،شاکرعلی، ایس صفدر،حنیف رامے،شمزا ،احمد پرویز،کولن ڈیوڈ ،اسلم کمال، جمی انجینئر،میری کترینا،کامل خان ممتاز،انا مولیکا احمد،سعید اختر،زبیدہ آغا،خالد اقبال ودیگر آرٹسٹوں کاکام الحمراء ماڈرن آرٹ میوزیم میں زینت ہے۔

(جاری ہے)

مختلف تعلیمی اداروں کے وفود الحمراء آرٹ میوزیم کا گاہے بگاہے دورہ کرتے رہتے ہیں ۔سٹوڈئٹس کو اس میوزیم میں رکھے گئے فن پاروں کی مدد سے اپنے آئیڈیل کے انتخاب میں آسانی ہو رہی ہے۔الحمراء ماڈرن آرٹ میوزیم نئی نسل کے آرٹسٹ کے فن کو نئے نئے زاویے عطا کررہا ہے۔الحمراء آرٹ میوزیم کی بدولت فائن آرٹ کے طلبہ وطالبات کواپنے تھیسز کے موضوعات کے انتخاب میں بھی آسانی ہورہی ہے۔دُنیا بھر سے سکالرز،محقق ،سیاح ،طالب علم اور مورخ اس میوزیم کو دیکھنے کیلئے آتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :