لاہور، آغوش گرائمر سکول کا افتتاح

جمعرات 23 جنوری 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2025ء) لاہور، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آغوش گرائمر سکول کا افتتاح کیا۔یہ سکول آغوش کمپلیکس اور تحفیظ القرآن کے تحت المنیر کیمپس کے نام سے کام کرے گا۔یکم فروری سے حفظ کلاسز کیلئے داخلے شروع ہوں گے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو پرائمری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانا ہو گی اس کیلئے حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کو مل کر کام کرنا چاہیے اڑھائی کروڑ سے زائد بچے سکول نہیں جاتے۔

سکول نہ جانے والے بچوں کو سکول بھیجنا والدین سمیت سوسائٹی کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن نجی شعبہ میں فروغ علم کی سب سے بڑی تحریک ہے۔ملک بھر میں منہاج القرآن کے تحت قائم سینکڑوں تعلیمی اداروں میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلان کیا کہ صوئے آصل روڑہ بوگن کے رہائشی یتیم بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آغوش کرنل(ر) مبشر اقبال نے کہا کہ سکول کیلئے زمین عطیہ کرنے والے حاجی محمد افضل کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔نسلوں کی تعلیم و تربیت کیلئے انویسٹمنٹ دنیا و آخرت کی بہترین انویسٹمنٹ ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ سکول ہائر سیکنڈری تک تعلیمی خدمات انجام دے گا۔یہ گرامر سکول علاقہ کے عوام اور تعلیم سے محبت کرنے والے خاندانوں کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا تحفہ ہے۔

ڈونر حاجی محمد افضل نے بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے پر ادارہ منہاج القرآن اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پرصدر منہاج القرآن پروفیسر ذوالفقار علی،پرنسپل آغوش گرامر سکول عمران ظفر بٹ ،مظہر اقبال سعیدی، رومانہ مبشر،افضل بھٹی و دیگر بھی موجود تھے۔