اعلیٰ تعلیم سے نوجوانوں کا مستقبل جڑا ہے،تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں،فیصل کنڈی

جمعرات 19 جون 2025 22:48

اعلیٰ تعلیم سے نوجوانوں کا مستقبل جڑا ہے،تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ اعلیٰ تعلیم سے نوجوانوں کا مستقبل جڑا ہے،تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں،ہمارے صوبہ کے نوجوان تعلیم و قابلیت میں کسی سے کم نہیں،عصر حاضر کے تقاضوں اور موجودہ دور کے چیلینجز کے مطابق اعلی تعلیم کی فراہمی یقینی بنانا ہو گی،گورنر ہاؤس پشاور نوجوانوں کو تعلیم و کھیل کے میدان میں آگے لانے کیلئے مکمل سرپرستی کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پشاور میں جمعرات کے روز سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 17ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گیسٹ آف آنر سابق نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر قاسم جان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم الرحمان، فیکلٹی اراکین سمیت طلباء و طالبات اور انکے والدین شریک تھے۔

(جاری ہے)

گورنر نے کانووکیشن میں مختلف شعبوں میں بیچلرز،ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تعلیم مکمل کرنیوالے 225 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور 38 نمایاں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو گولڈ میڈلز سے نوازا۔کانووکیشن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم الرحمان نے گورنر خیبر پختونخوا کو یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے تعلیمی کامیابی حاصل کرنیوالے طلبہ، والدین، فیکلٹی اراکین کو مبارکباد پیش کی۔گورنرنے سرحد یونیورسٹی انتظامیہ کو گزشتہ 24 سال سے تعلیمی خدمات پربھی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی تعلیم کا درست استعمال کرتے ہوئے صوبہ کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔گورنرنے کہاکہ سرحد یونیورسٹی سمیت دیگر نجی تعلیمی اداروں کی تعلیمی شعبہ میں خدمات قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلباء کی ادبی، کھیلوں اور فلاحی سرگرمیوں میں شرکت اور ایم فل و پی ایچ ڈی کی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے رجحان میں اضافہ ادارے کی علمی برتری کا مظہر ہے۔ گورنر نے یونیورسٹی کی جانب سے فاصلاتی تعلیم کے ذریعے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک تعلیمی خدمات کی فراہمی کو سراہا اور تجویز دی کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں بھی فاصلاتی تعلیمی مراکزقائم کیے جائیں۔ اس مقصد کے لئے انہوں نے گورنر ہاؤس کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔