نگران وائس چانسلر جامعہ سندھ کی زیر صدارت ڈینز کمیٹی کا اجلاس، 27 جنوری کو ایم فل و پی ایچ ڈی سیمینارز کرانے کا فیصلہ

جمعہ 24 جنوری 2025 22:19

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2025ء) جامعہ سندھ جامشورو کے نگران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی کی زیر صدارت ڈینز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 27 جنوری سے ایم فل و پی ایچ ڈی کے سیمینار منعقد کرنے اور 2 فروری سے تعلیمی سال 2025ء کے تحت ایم فل و پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کا آغاز کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے آغاز میں پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی نے ڈین مقرر ہونے پر ڈاکٹر محمدعلی گھوٹو کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ فارمیسی فیکلٹی کو تعلیمی و تحقیقی عروج پر پہنچائیں گے۔ اجلاس کے ایجنڈا پر پہلا آئٹم ایم فل و پی ایچ ڈی کے سیمینارز منعقد کرنے کے حوالے سے تھا، جس میں متفقہ طور پر 27 جنوری سے سیمینار منعقد کرانے کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی سیمینارز کی صدارت وہ خود کریں گے۔ ایجنڈا کا دوسرا آئٹم ایم فل و پی ایچ ڈی پرورگرامز میں داخلوں سے متعلق تھا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ گریجویٹ اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر صائمہ قیوم میمن نے تعلیمی سال 2025ء کے تحت داخلوں کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ داخلوں کیلئے اخبارات میں 2 فروری بروز اتوار کو شائع کراکے اسی روز رجسٹریشن کیلئے پورٹل کھولا جائے اور 18 فروری کو آن لائن فارم پُر کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی جائے، جس کے بعد انٹری ٹیسٹ لیا جائے۔

اجلاس نے یہ تجویز قبول کرلی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ جی آر ای سبجیکٹ فیل اسکالرز بھی پی ایچ ڈی کے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کر سکیں گے اور مذکورہ ٹیسٹ پاس کرنے کے بعدانہیں جی آر ای کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ پی ایچ ڈی کیلئے مختلف شعبوں میں ہر 6 ماہ میں ٹیسٹ لینے کے فیصلے پر عمل کیا جائے ۔ سمسٹر امتحانات کے نتائج سے متعلق کنٹرولر کو پابند بنایا گیا کہ وہ آئندہ ہفتے مختلف شعبوں کا خود دورہ کرکے سربراہان و اساتذہ سے ملاقاتیں کریں اور امتحانی نتائج جمع کرانے کا کہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر کھومباٹی نے کہا کہ ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کا اجلاس ہر ماہ منعقد کیا جائے گا تاکہ اسکالرز وقت پر اسناد وصول کر سکیں اور مسائل پیدا نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاسوں کے منٹس بھی جلد جاری کیے جائیں گے۔ نگران وائس چانسلر نے اعلان کیا کہ وہ ہر سال شعبہ آئی ٹی کے ایک غریب مگر ذہین طالب علم کو اسکالرشپ فراہم کریں گے ، فروری کے آخر میں سندھیالوجی میں ریسرچ لائبریری کے تعاون سے عالمی کتب میلہ لگایا جائے گا جس کیلئے ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

وی سی آفس میں منعقدہ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، پرو وائس چانسلر ٹھٹھہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی سمیت دیگر نے شرکت کی۔