ساحر شمشاد مرزا کی اطالوی دفاعی قیادت سے ملاقات

ہفتہ 25 جنوری 2025 23:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2025ء) جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جو اٹلی کے سرکاری دورے پر ہیں، نے اٹلی کے وزیر دفاع گیڈو کروسیٹو، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل لوسیانو پورٹولانو، اطالوی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل کارمین میسیلو اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لیونارڈو مسٹر کارلو گوالڈارونی سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الگ الگ ملاقاتوں کے دوران دونوں فریقوں نے ابھرتے ہوئے جیو اسٹریٹجک ماحول پر تبادلہ خیال کیا اور دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرتے ہوئے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔اطالوی سول اور عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔قبل ازیں اطالوی مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چاق و چوبند فوجی دستے نے چیئرمین جے سی ایس سی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔