Live Updates

وفا داری کام نہ آئی بشریٰ بی بی کی شکایتوں پرعلی امین کو ہٹا دیا گیا‘ مریم اورنگزیب

عمران خان نے وفاداری کے بدلے میں بے وفائی کی اپنی روایت کو ایک بار پھر دہرایا ہے

پیر 27 جنوری 2025 20:38

وفا داری کام نہ آئی بشریٰ بی بی کی شکایتوں پرعلی امین کو ہٹا دیا گیا‘ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹا کر وفاداری کے بدلے میں بے وفائی کی اپنی روایت کو ایک بار پھر دہرایا ہے۔ مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کی فطرت میں کسی کے ساتھ وفاداری کا تصور موجود نہیں۔

وہ اپنے قریبی ساتھیوں، کارکنوں اور دوستوں کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرتے ہیں اور پھر انہیں ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور کی عمران خان کے لیے دی گئی خدمات، قربانیاں اور وفاداری بھی بے سود رہیں۔ بشریٰ بی بی کی شکایات پر علی امین کو پارٹی عہدے سے ہٹا دیا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان اپنی ذات کے سوا کسی کے لیے وفادار نہیں۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے عمران خان کی سابقہ ساتھیوں کے ساتھ کی گئی بے وفائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اکبر ایس بابر، جسٹس وجیہہ، نعیم الحق، جہانگیر ترین، اور عبدالعلیم خان جیسے افراد عمران خان کی احسان فراموشی کی واضح مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے نو مئی سے 26 نومبر تک عمران خان کے ہر انتشار پھیلانے والے منصوبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، لیکن آج وہ بھی عمران خان کی بے وفائی کا شکار ہو چکے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے نو مئی اور 26 نومبر کے واقعات میں نوجوانوں کو استعمال کیا اور پھر انہیں جیلوں میں چھوڑ دیا۔ وہ ہمیشہ دوسروں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں اور بعد میں بے یارو مددگار چھوڑ دیتے ہیں۔انہوں نے عوام اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عمران خان کی فطرت کو سمجھیں اور آئندہ کسی بھی سازش یا ملک دشمن منصوبے کا حصہ نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ جو علی امین گنڈاپور آج سوچ رہے ہیں، وہی ہر شخص عمران خان کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد سوچتا ہے، لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات