بلوچستان بھر میں 15روز کیلئے دفعہ 144 نافذ، ماسک پہننے پر بھی پابندی ہوگی

اس دوران اسلحہ لے کر چلنے اور 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر مکمل پابندی نافذ رہے گی؛ نوٹی فکیشن جاری

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 اگست 2025 10:59

بلوچستان بھر میں 15روز کیلئے دفعہ 144 نافذ، ماسک پہننے پر بھی پابندی ہوگی
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست 2025ء ) صوبہ بلوچستان میں 15روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی اس دوران شہریوں کے ماسک پہننے پر بھی پابندی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبہ بھر میں 15 دنوں کے لئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، صوبائی محکمہ داخلہ نے اس سلسلے میں نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا، جس کے تحت صوبہ بھر میں لگائی جانے والی دفعہ 144 کے باعث تحت اسلحہ لے کر چلنے، 5 سے زائد افراد کے اجتماع اور ماسک پہننے پر 15 دن کے لئے پابندی ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان 15 یوم کے دوران کہیں بھی جلسے، جلوس یا دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی، عوامی مقامات پر ماسک اور مفلر کے ذریعے چہرہ ڈھانپنا بھی ممنوع ہوگا، اس کے علاوہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے تحت صوبے بھر میں بلوچستان حکومت کی جانب سے پہلے ہی گاڑیوں کے کالے شیشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر شام کے بعد پنجاب سے بلوچستان کی طرف سفر پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے، سخی سرور اور بواٹہ میں تمام اقسام کی ٹرانسپورٹ سروسز عوامی اور نجی دونوں کو روزانہ شام 5 بجے تک اپنی سروس بند کرنا ہوگی کیوں کہ صوبائی حکومت کی پابندی کے باعث اب سفر صرف دن کی روشنی میں محدود ہے، رات کے وقت سفر کسی بھی صورت میں ممنوع ہے۔

ڈپٹی کمشنرڈیرہ غازی خان عثمان خالد نے بتایا کہ شام 5 بجے کے بعد پنجاب سے بلوچستان جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کوبواٹہ چیک پوسٹ پرروک دیا جائے گا، بلوچستان میں حالیہ مسافر قتل کے واقعے کے بعد حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظریہ اہم قدم اٹھایا گیا ہے، یہ اقدام مسافروں کی جانوں کے تحفظ کیلئے کیا جا رہا ہے، بلوچستان میں مسافروں کے قتل کے بعد حکومت نے احکامات جاری کیے ہیں لہٰذا ٹرانسپورٹرز شام کو سفر کرنے سے اجتناب کریں۔