’دل سے پاکستان‘ پاک فوج نے یوم آزادی پر نیا نغمہ جاری کردیا

ملی نغمے کو ’معرکۂ حق‘ میں ہونے والی عظیم فتح کی یادگار کے طور پر پیش کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 اگست 2025 11:44

’دل سے پاکستان‘ پاک فوج نے یوم آزادی پر نیا نغمہ جاری کردیا
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست 2025ء ) پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاک فوج نے نیا ملی نغمہ جاری کردیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق نیا نغمہ ’دل سے پاکستان‘ کے عنوان سے جاری کیا گیا ہے، اس ملی نغمے کو حال ہی میں بھارت کے خلاف ’معرکۂ حق‘ میں ہونے والی عظیم فتح کی یادگار کے طور پر پیش کیا گیا ہے، نغمے میں وطن عزیز کے دفاع کے لیے قربان ہونے والے جاں نثار شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سنہری الفاظ میں سراہا گیا ہے۔

اس کے علاوہ آئی ایس پی آر نے اس نغمے میں بھارت کے خلاف ’معرکۂ حق‘ میں ملنے والی کامیابی کو جشن جوش و جذبے سے بھرپور انداز میں پیش کیا، اس کے ساتھ ہی آئندہ بھی وطن کی بقاء، خودمختاری اور سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے، اس ملی نغمے کے ذریعے مادرِ وطن کے محافظ مسلح افواج کے کردار کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا ہے، آئی ایس پی آر کی طرف سے پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے جاری کیا جانے والے اس نغمہ ’دل سے پاکستان‘ کے ذریعے قومی یکجہتی، ترقی اور استحکام کے عہد کی تجدید کی گئی ہے۔

(جاری ہے)