پشاور میں قائم ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں چین کے نئے سال کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

منگل 28 جنوری 2025 21:57

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2025ء) پشاور میں قائم ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں چین کے نئے سال اور جشن بہاراں کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان مہمان خصوصی تھے۔ سکوائش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔تقریب سے خطاب میں چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے،دونوں ممالک کے عوام بھی ایک دوسرے سے محبت اور چاہت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہماری دوستی کی مثالیں دنیا بھر میں دی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی سطح کے رابطوں میں بہتری کا اندازہ اس امر سے بھی بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کرتے ہیں جس کی واضح مثال چین کے نئے سال اور سپرنگ فیسٹیول کے حوالے سے پاکستان بھر میں تقریبات کا انعقاد ہے۔

انہوں نے چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام تقریب میں خیبر پختونخوا عوام کی جانب سے چین کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب میں آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے کہا کہ پاک چین دوستی کا تقاضا ہے کہ ہم ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوں، چین کی جانب سے پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے اقدامات بھی قابل ذکر ہیں، سی پیک منصوبے سے پاکستان بھر میں معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ صوبائی پولیس فورس ان کی حفاظت کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے۔سکوائش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے تقریب سے خطاب میں اہل چین کو نئے سال کی مبارک دی اور عوامی جمہوریہ چین کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ قبل ازیں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری، آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان، سکوائش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان اور تاجر امتیاز احمد نے دن بھر جاری رہنے والی تقریبات کا باضابطہ افتتاح کیا۔