کرم ،ادویات کی قلت دور کرنے میں حکومت کی مدد کرنے پر پی پی ایم اے کی تعریف

وفاقی وزارت نے پی پی ایم اے کی فعال اقدامات ،انسانی بحران کے وقت ضروری طبی وسائل فراہم کرنے کے عزم کو سراہا

منگل 28 جنوری 2025 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2025ء)وزارتِ قومی صحت، ضوابط و ہم آہنگی نے ضلع کرم خاص طور پر پاراچنار میں زندگی بچانیوالی ادویات کی شدید قلت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ذرائع کے مطابق تنظیم کو لکھے گئے ایک تعریفی خط میں وزارت نے پی پی ایم اے کی فعال اقدامات اور انسانی بحران کے وقت ضروری طبی وسائل فراہم کرنے کے عزم کو سراہا۔

ضلع کرم کو 2024ء کے اواخر میں فرقہ وارانہ فسادات اور قبائلی تنازعات کی وجہ سے سنگین چیلنجز کا سامنا رہا، جہاں حالیہ جھڑپوں میں 200سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں کم از کم 128بچوں کی المناک اموات بھی شامل ہیں، کشیدگی کے باعث سڑکوں کی ناکہ بندی نے صحت کی سہولتوں تک رسائی مزید مشکل بنا دی جس سے علاقے کے کئی مکین اہم علاج سے محروم رہے،بڑھتے ہوئے بحران کے پیش نظر، پی پی ایم اے کے سابق چیئرمین ڈاکٹر قیصر وحید نے انکشاف کیا کہ ایسوسی ایشن کے اعلی عہدیداروں نے حال ہی میں وزیر صحت اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت سمیت دیگر حکام سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس ملاقات کے دوران پی پی ایم اے نے یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی خدشات کے باوجود ادویات کی دستیابی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔ڈاکٹر قیصر وحید نے کہا کہ انہوں نے ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت کی ہے کہ ہر قسم کی ادویات، خاص طور پر زندگی بچانے والی ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔