ساجدہ فاروق تارڑ کی این اے127 کے مرکزی آفس میں کھلی کچہری، سائلین کے مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری

جمعرات 30 جنوری 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ کی جانب سے حلقہ این اے 127 کے مرکزی آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں حلقہ بھر سے سائلین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ ساجدہ فاروق تارڑ نے سائلین کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے، کھلی کچہری سے لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سائلین کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے ۔

ساجدہ فاروق تارڑنے مزید کہا کہ حلقہ این اے 127 میں موجود ہر یونین کونسل کی سطح پر ترقیاتی کاموں کے جال بچھا ئے جارہے ہیں، ہر یو سی کو ماڈل یونین کونسل بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت کے مطابق رمضان سے قبل غریب اور نادار لوگوں کے لیے رمضان پیکج کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری اور اس سلسلے میں حلقہ بھر میں کیمپ لگائے گئے ہیں۔

ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات کی بدولت مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے جس کے اثرات عام آدمی تک پہنچا کر دم لیں گے ۔ کھلی کچہری میں پی ایس او ٹو وزیر اطلاعات و نشریات شہباز طالب ،ڈپٹی سیکرٹری اسد ابرار ،سابقہ چیئرمین یوسی 233 سید عمران علیم شاہ ،چیئرمین تنویر نثار گجر ،عطیہ ممتاز ،الفت یاسین ،انور قادری ،چوہدری عامر، راشد بٹ ،طاہرہ عزیز ،رخسانہ تاج ،ذکیہ اماں اور عمانہ عاشق بھی موجود تھیں۔