اتحاد کاشتکاران خیبرپختونخوا کاپی ٹی آئی حکومت کی جانب سے زرعی انکم ٹیکس بل 2025ء کیخلاف احتجاجی تحریک کا اعلان

جمعہ 31 جنوری 2025 23:32

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2025ء)اتحاد کاشتکاران خیبرپختونخوا نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی جانب سے ظالمانہ زرعی انکم ٹیکس بل 2025ء کیخلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا۔ اس فیصلے کا اعلان کاشتکاران پختونخوا کے چیئرمین و ممبر پختون قومی جرگہ عارف علی خان کے زیر صدارت سڑہ چینہ صوابی میں کاشتکاروں کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا جس میں مختلف اضلاع سے زمینداروں اور کاشتکار نمائندگان نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے زرعی انکم ٹیکس کو مسترد کیا گیا اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اس ظالمانہ ٹیکس کو فورا ختم کیا جائے۔اس کے خلاف احتجاجی تحریک کا اغاز 4 فروری بروز منگل 2 بجے موضع مرغز سے کیا جائے گا ۔ اس کے بعد مردان ۔

(جاری ہے)

نوشہرہ ۔ چارسدہ ۔ جنوبی اضلاع ۔ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں جلسے کرکے کاشتکاروں کو منظم کیا جائے گا ۔

صوبائی اسمبلی ممبران سے ملاقاتوں اور صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاج اور دھرنا دیا جائے گا ۔ اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس بل پر دستخط کرنے سے انکار کر دیں ۔ اجلاس سے اقبال خان شیوہ ۔ لیاقت یوسفزئی ۔فضل ربی خان نوشہرہ ۔ احمد جان کاکا ۔ اسفندیار خان اور دوسرے مقرین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت پورا ملک ائی ایم ایف کی ہدایات پر چلایا جا رہا ہے ۔ پیٹرول۔ ڈیزل۔ گیس۔ بجلی اور دوسرے مختلف عام استعمال کی چیزوں میں حکمرانوں کی عیاشیوں کیلئے سب کچھ ہورہا ہے جو کہ اب ناقابل برداشت ہو گیا ہے ۔ اس کیخلاف مزاحمت اخری حل ہے ۔ دوسرے ممالک میں کاشتکاروں کیلے مراعات دیئے جارہے ہیں جبکہ پاکستان میں غریبوں کا خون نچوڑا جارہا ہے ۔