سندھ کے وزیر سیاحت کا پاکستان ٹریول مارٹ میں ایتھوپیا کے سفارت خانے کے پویلین کا افتتاح

جمعہ 31 جنوری 2025 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2025ء) سندھ کے وزیر ثقافت سید ذوالفقار شاہ نے جمعہ کو کراچی میں پاکستان ٹریول مارٹ 2025 (پی ٹی ایم) میں وفاقی جمہوری ایتھوپیا کے سفارتخانہ کا خصوصی سیاحتی پویلین کا افتتاح کیا۔کراچی میں ایتھوپیا کے اعزازی قونصل ابراہیم خالد تواب اور سفارت خانے کے عملے نے صوبائی وزیر کا پویلین آمد پر استقبال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ایتھوپیا کے وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا نے سیاحت کے شعبے میں قابل تعریف ترقی کی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان ٹریول مارٹ میں ایتھوپیا پویلین کا قیام دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا عکاس ہے۔اعزازی قونصل ابراہیم خالد نے کہا کہ ایتھوپیا اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔

ایتھوپیا کے سفارت خانے نے 2 فروری تک پی ٹی ایم میں اپنی متنوع ثقافت، صدیوں پرانی روایات اور فروغ پزیر سیاحتی صنعت کی نمائندگی کے لیے اپنا پویلین قائم کیا ہے۔پی ٹی ایم پاکستان میں ایک سالانہ سیاحتی پروگرام ہے جس میں متعدد ممالک اور تنظیمیں اپنی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے شرکت کرتی ہیں۔