سندھ زرعی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے اہم تعلیمی فیصلوں کی منظوری

پیر 3 فروری 2025 22:45

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں اکیڈمک کونسل نے بی ایس سی ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹکس کا نیا پروگرام شروع کرنے کی منظوری دیدی۔سندھ زرعی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا 82واں اجلاس وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف تدریسی معاملات، تعلیمی پروگراموں اور ادارے کی ترقی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

تمام فیکلٹیز، خیرپور میرس کے الحاق شدہ کالجز اور عمرکوٹ کیمپس میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے نظرثانی شدہ نصاب کی منظوری دی گئی۔ مزید برآں، انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ایف ایس ٹی) کے تحت بی ایس سی ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹکس کے نئے پروگرام کے آغاز کی منظوری دی گئی، جو آئندہ تعلیمی سال سے متعارف کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تعلیمی سال 2025 کے کیلنڈر کی حتمی منظوری کے ساتھ ساتھ تعلیمی سال 2022 اور 2023 کے کامیاب طلبہ کی فہرست کی بھی توثیق کی گئی۔ مزید برآں، مختلف پروگراموں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے لیے ایوارڈز دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ایک اور اہم فیصلے کے تحت، پولٹری ہسبنڈری ڈپارٹمنٹ کا نام تبدیل کر کے ڈپارٹمنٹ آف پولٹری سائنس رکھنے کی منظوری دی گئی، تاکہ اسے جدید تعلیمی اور صنعتی معیارات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

اجلاس میں دیگر تدریسی و تعلیمی امور پر بھی غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ یونیورسٹی میں جدید دور کے تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے کورسز متعارف کرائے جا رہے ہیں، تاکہ ہمارے فارغ التحصیل طلبہ تربیت یافتہ افرادی قوت کے طور پر ملک کی زراعت، صنعت اور معیشت کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع میں بھی وسعت آئے گی۔اجلاس میں مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، رجسٹرار، اور تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی اور تعلیمی پالیسیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :