گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مختلف تقریبات

منگل 4 فروری 2025 16:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز اور دیگر شعبہ جات کے باہمی اشتراک سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔تقریبات کا آغازشعبہ ہیومینٹیز کے زیر اہتمام نکالی گئی یکجہتی واک سے ہوا جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین(تمغہ امتیاز) نے کی۔

جس میں طلبا، اساتذہ اور انتظامیہ کے اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان تقریبات کا مقصد کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے تاکہ یہ مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر ہو اور اس کے حل کی جانب بہتر پیش رفت کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے طلبا میں کشمیری ثقافت اور تاریخ کے بارے میں آگاہی پیدا ہوتی ہے اور وہ مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں۔آخر میں انہوں نے کشمیری عوام کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔قبل ازیں شعبہ آئی آر اور پولیٹیکل سائنس کے زیر اہتمام کشمیری ثقافت کی نمائندگی کی گئی جبکہ ڈیپارٹمنٹ آف نیوٹریشنل سائنسز کے طلبا نے کشمیری کھانوں کے اسٹالز لگائے گئے جہاں روایتی کشمیری چائے اورکشمیری پکوان پیش کیے گئے۔شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن نے کشمیر کی آزادی کے حوالے سے پوسٹر اور پینٹینگز کی نمائش کی جبکہ لائبریری جی سی ڈبلیو یو ایف کے زیر اہتما م کشمیری لٹریچر اور تاریخی کتب کا سٹال بھی لگایا گیا۔