امریکا میں غیر قانونی طورپر مقیم بھارتی تارکین وطن کی ملک بدری شروع

منگل 4 فروری 2025 17:04

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2025ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکا سے ایک ہفتہ قبل ہی امریکی حکام نے اپنے ہاں غیر قانونی طور پر مقیم بھارتی تارکین وطن کی ملک بدری کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور امریکی فوجی طیارہ 205 بھارتی تارکین کی پہلی کھیپ کو لے کر بھارتی صوبے پنجاب کے شہر امرتسر کے لئے روانہ کر دیا گیا ہے ۔

جرمن ادارے ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کے سی-17 طیارہ سان انٹونیو سے امرتسر کے لئے روانہ ہوا۔کئی گھنٹوں کی اس پرواز میں سوار205لوگوں کے لئے صرف ایک ٹوائلٹ ہے۔ امریکا میں مقیم بھارتی غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد تقریباً 7,25,000 ہے ۔ بھارتی حکام نے ابھی تک اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے ۔

(جاری ہے)

قبل بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ بھارتی حکومت امریکا سمیت بیرون ملک مقیم غیر قانونی بھارتی شہریوں کی "قانونی واپسی" کے لئے تیار ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ تو وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے بھارت اپنے غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم شہریوں کی واپسی کے لئے "جو صحیح ہے وہ کرے گا۔ بلومبرگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارت اور امریکا نے تقریبا 18,000 ایسے بھارتی تارکین وطن کی شناخت کی ہے، جو غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوئے تھے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیونے دورہ امریکا کے دوران اپنے بھارتی ہم منصب جے شنکر کے ساتھ بھی "بے قاعدہ امیگریشن" کا مسئلہ اٹھایا تھا، جس پر بھارتی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ بھارت غیر قانونی نقل مکانی کی حمایت نہیں کرتا ، اگر ہمارے شہریوں میں سے کوئی بھی غیر قانونی طور پر امریکا میں پایا جاتا ہے اور ہم ان کی شہریت کی تصدیق کرتے ہیں، تو ہم ان کی بھارت میں قانونی واپسی کے لیے تیار ہیں۔\932