امریکا، سرکاری ڈیوائسز میں چینی ایپ ڈیپ سیک پر پابندی کا منصوبہ

ڈیپ سیک سے متعلق امریکا میں خدشات ہیں کہ چینی ایپلی کیشن کے تحت چین کو صارفین کے ڈیٹا تک رسائی ہوگی،رپورٹ

جمعرات 6 فروری 2025 23:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2025ء)امریکی قانون سازوں نے سرکاری ڈیوائسز میں چینی ڈیپ سیک چیٹ بوٹ پر پابندی سے متعلق بل لانے کا منصوبہ تیار کرلیا۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی قانون ساز آج حکومت کی ملکیت والے آلات میں چینی مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشن ڈیپ سیک پر پابندی عائد کرنے کا بل پیش کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

ڈیپ سیک سے متعلق امریکا میں خدشات ہیں کہ چینی ایپلی کیشن کے تحت چین کو صارفین کے ڈیٹا تک رسائی ہوگی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈیپ سیک چیٹ بوٹ کے منظرعام پر آنے سے امریکا کی سلیکون ویلی (آئی ٹی مرکز)میں ہلچل مچ گئی، جس کے بعد سے مصنوعی ذہانت کو آگے بڑھانے اور چین کو شکست دینے کیلیے تیزی سے کام کرنے کی اپیلیں آ رہی ہیں۔ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا تھا، یہ ایک بہت بڑا جیو پولیٹیکل مقابلہ ہے اور چین اس میں بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ڈیپ سیک ایک بہت ہی جدید ماڈل ہے، ہمیں چاہیے کہ امریکی ماڈل جیتے۔گوگل نے خبردار کیا کہ امریکا مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں آگے ہے، لیکن ہماری یہ سبقت زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتی۔