سینیٹ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس، واپڈا کے آڈٹ پیپرز میں محکمانہ اکائونٹس کمیٹی اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کی انکوائریوں کے حوالے سے جامع بریفنگ

جمعرات 6 فروری 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس سینیٹر شہادت اعوان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں واپڈا کے آڈٹ پیپرز میں محکمانہ اکائونٹس کمیٹی اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سفارشات پر وزارت کی جانب سے کی جانے والی انکوائریوں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔ جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں وزارت کے حکام نے بتایا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سفارشات پر 56 انکوائریاں کی گئیں جن میں سے 43 مکمل ہوچکی ہیں، 10 جاری ہیں اور باقی تین کی نیب تحقیقات کر رہی ہے۔

مزید برآں محکمانہ اکائونٹس کمیٹی کی سفارشات پر 381 انکوائریاں شروع کی گئیں جن میں سے 308 مکمل اور 67 زیر التوا ہیں۔ سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ 187 آڈٹ پیپرز زیر التواء ہیں جن میں سے کچھ 1985ء سے زیر التواء ہیں اور حیران کن طور پر وزارت کے پاس کچھ کیسز میں کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری آبی وسائل نے بتایا کہ تمام آڈٹ پیپرز پر انکوائری تاریخ کے مطابق کی جائے گی تاہم غیر ملکی امداد یافتہ منصوبوں کو ترجیح دی جاتی ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے 74 کروڑ روپے کی لاگت سے 78 گاڑیوں کی خریداری پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ گاڑیاں کفایت شعاری کے اقدامات کی کابینہ کی ہدایت کے خلاف خریدی گئیں تاہم ان خریداریوں کی تحقیقات مارچ 2022ء میں شروع کی گئی تھیں اور آج تک مکمل نہیں ہوئی ہیں۔ کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد سفارش کی کہ وزارت عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی تفصیلات فراہم کرے۔

کمیٹی نے ان افراد کی تفصیلات فراہم کرنے کی بھی سفارش کی جن کے خلاف انکوائری کے اختتام پر ذمہ داریاں طے کی گئی ہیں۔ اجلاس میں سینیٹرز سعدیہ عباسی، محمد ہمایوں مہمند، فیصل سلیم رحمان، سیکرٹری آبی وسائل سید علی مرتضیٰ، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔